Friday, March 29, 2024

بھارتی کسانوں کا مودی کی متنازعہ پالیسیوں کےخلاف احتجاج کا دائرہ بڑھانے کا فیصلہ

بھارتی کسانوں کا مودی کی متنازعہ پالیسیوں کےخلاف احتجاج کا دائرہ بڑھانے کا فیصلہ
February 2, 2021

نئی دہلی (92 نیوز) بھارتی کسانوں نے مودی کی متنازعہ پالیسیوں کےخلاف احتجاج کا دائرہ بڑھانے کا فیصلہ کر لیا۔ چھ فروری کو ملک گیر ہڑتال اور پہیہ جام کرنے کا اعلان کر دیا۔

متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف  کسانوں نے احتجاج پورے ملک میں پھیلانے کا اعلان کیا۔ ملک گیر ہڑتال کو چکہ جام کا نام دیا گیا ہے۔ بھارت کی تمام بڑی شاہراہوں کو بلاک کر دیا جائے گا۔

دہلی کی تمام سرحدوں پر تاحال سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ پولیس اور پیراملٹری فوج تعینات ہے جبکہ سرحدوں کو خاردار تاریں لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔

اپوزیشن جماعت کانگریس کا بھی  کسانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 6 فروری کو احتجاج کا اعلان سامنے آیا۔ ادھر مودی حکومت کی  آزادی اظہار رائے کو قابو کرنے کی مذموم کوششیں جاری ہے۔ احتجاج کی رپورٹنگ کرنے والے متعدد صحافیوں کیخلاف بغاوت کے مقدمات درج کر دیئے گئے۔

ٹوئٹر پر مظاہرین سے منسلک متعدد اکاؤنٹس کو بھی بند کر دیا گیا۔ بھارتی حکومت کی جانب سے ٹوئٹر کو قانونی نوٹس کے بعد  اکاؤنٹس بند کیے گئے۔ جن اکاؤنٹس تک رسائی روکی گئی  ان میں کسان ایکتا مورچہ، دی کاروان انڈیا مانک گویال، ٹریکٹر 2 ٹوئٹر اور جٹ جنکشن سمیت دیگر شامل ہیں۔