Wednesday, May 8, 2024

بھارتی کرکٹ بورڈ کاایشیا کپ کیلئے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار

بھارتی کرکٹ بورڈ کاایشیا کپ کیلئے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار
January 29, 2020
نئی دہلی ( 92 نیوز ) بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ میں اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے صاف انکار کر دیا ، بھارتی کرکٹ بورڈ  کا کہنا ہے کہ  ایشیا کپ  کا انعقاد پاکستان میں ہو رہا ہے اس سے کوئی مسئلہ نہیں لیکن بھارت  کی ٹیم پاکستان  نہیں آئے گی ۔ بھارت کو پاکستان کے کرکٹ کے میدانوں کی رونقیں کھٹکنے لگیں ،  پاکستان میں کرکٹ بحالی  کی راہ میں روڑے  اٹکانے لگا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ  نے ایشیا کپ  کے لیے پاکستان میں اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کر دیا، بھارتی بورڈ کے ایک عہدیدار نے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کی میزبانی اور اس کے حقوق پر کوئی اعتراض نہیں لیکن ایونٹ کا انعقاد کسی نیوٹرل وینیو پر ہونا چاہیے، ہماری ٹیم پاکستان  نہیں جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ  اگر ایشین کرکٹ کونسل  بھارت کے بغیر ایونٹ کروانا چاہتا ہے تو کوئی مسئلہ نہیں  ، بھارت نے اگر ایشیا کپ میں حصہ لیا  تو  ٹورنامنٹ  نیوٹرل وینیو پر  ہو گا۔ اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان  کہہ چکے ہیں اگر بھارت پاکستان نہیں آئے گا تو پاکستان بھی 2021 میں بھارت  میں شیڈول ورلڈ  کپ کے لیے سوچ سمجھ کر ٹیم  بھیجنے کا فیصلہ کرے گا۔ ٹی ٹوئنٹی طرز کا ایشیا کپ رواں سال  ستمبر  میں پاکستان میں شیڈول ہے۔