Friday, April 26, 2024

بھارتی کرکٹ بورڈ نے سریش رائنا،رویندراجدیجا کو کلین چٹ دیدی

بھارتی کرکٹ بورڈ نے سریش رائنا،رویندراجدیجا کو کلین چٹ دیدی
June 29, 2015
نئی دہلی(92نیوز)بھارتی کرکٹ بورڈ نے سریش رائنا اور رویندرا جدیجا کو کلین چٹ دے دی۔ بھارتی بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ دونوں بین الاقوامی کھلاڑی ہیں اور آئی سی سی کے دائرہ کار میں آتے ہیں اگر آئی سی سی نے ان کے خلاف کارروائی نہیں کی تو اس کا مطلب ہے انہوں نے کچھ کیا ہی نہیں۔ تفصیلات کے مطابق قسمت کا دھنی تو کوئی بھارتی کھلاڑیوں جیسا ہو جن پر کرپشن کا الزام بھی لگے تو اگلے ہی روز کلین چٹ مل جاتی ہے۔ کسی غیر نے نہیں بھارت کے اپنے للت مودی نے دونوں کھلاڑیوں پر آئی پی ایل دو ہزار تیرہ میں ایک بکی سے بھاری رقم اور تحائف رشوت کے طور پر وصول کرنے کا الزام لگایا۔ لیکن بھارتی بورڈ نے آئی پی ایل کے سابق سربراہ کے الزام کو اس قابل بھی نہ سمجھا کہ اس کی بنیاد پر کھلاڑیوں سے تھوڑی سی پوچھ گچھ ہی کر لی جائے۔ تفتیش ہوئی نہ انکوائری، بھارتی بورڈ نے اپنے چہیتے کھلاڑیوں کو سیدھی سیدھی کلین چٹ ہی دے دی اور آفرین ہے آئی سی سی پر جس نے دو سال تک مودی کے خط پر چپ سادھے رکھی اور الزامات سامنے آنے کے بعد صرف تصدیق کرنے پر اکتفا کیا۔ دنیا جانتی ہے کہ آئی پی ایل کرپشن کا گڑھ ہے لیکن بھارتی بورڈ اور آئی سی سی نے شتر مرغ کی طرح اس حقیقت سے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔