Thursday, March 28, 2024

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفترخارجہ طلبی، بلااشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفترخارجہ طلبی، بلااشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج
January 7, 2019
اسلام آباد ( ۹۲ نیوز) دفتر خارجہ نے اسلام آباد میں بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کیا اور کنٹرول لائن پر باغ سر سیکٹر میں بھارتی قابض فوج کی جانب سے جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز کی باگسر سیکٹر میں نہتی شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی۔ پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی، فائرنگ کرنے والی بھارتی فوجی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فورسز کی دہشتگردی سے 26سالہ عظیم شہید ،خاتون زخمی ہوگئی۔ امن دشمن بھارت کا لائن آف کنٹرول کی نہتی شہری آبادی پر سال کا دوسرا وار۔ پاکستان نے بھارت سے شدید احتجاج کیا، ڈپٹی ہائی کمشنر کی کو طلب کر کے اسے احتجاجی مراسلہ تھمایا۔ واضح کیا گیاکہ شہری آبادی پر بھارتی فائرنگ قابل مذمت ہے، اس طرح کےطرز عمل انسانی اقدار، حقوق اور قوانین کی سنگین خلاف ورزی اورعلاقائی امن کیلئے خطرہ ہے۔بھارت 2003ءکے فائر بندی انتظام کی پاسداری،واقعات کی تحقیقات اور اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو کردار ادا کرنے دے آئی ایس پی آر کے مطابق سال 2018ءمیں بھارتی فورسزکی فائر بندی کی 2600 خلاف ورزیاں میں 56افراد شہید 311 زخمی ہوئے۔ آج ایک بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے کہا کہ بھارتی فوج کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر شہری آبادی والے علاقوں کو بھاری ہتھیاروں سے مسلسل نشانہ بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو جان بوجھ کر ہدف بنانا افسوسناک اور انسانی وقار اور بین الاقوامی انسانی حقوق اور قوانین کے منافی ہے۔ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں علاقائی امن وسلامتی کیلئے خطرہ ہیں اور اس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوسکتی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ 2003ء کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے ، جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے اس واقعے اور دیگر واقعات کی تحقیقات کرے ، بھارتی فوج کو جنگ بندی کا مکمل احترام کرنے اور کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر امن برقرار رکھنے کی ہدایت کرے۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ بھارت اور پاکستان کیلئے اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت کردار ادا کرنے کی اجازت دے۔