Friday, April 26, 2024

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی ،ایل او سی  پر مسلسل جارحیت پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی ،ایل او سی  پر مسلسل جارحیت پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا
November 22, 2016

اسلام آباد(92نیوز)بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیوں پر  بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو ایک بار پھر دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا۔ پاکستان نے واضح کیا ہے ہے کہ  شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو آج  ایک بار پھر،دفتر خارجہ طلب کیا گیا، بھارت افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیوں پر بھارت سے شدید احتجاج کیا گیا۔ دفتر خارجہ مییں جنوبی ایشیا ڈیسک کے سربراہ ڈاکٹر فیصل نے احتجاجی مراسلہ، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کے حوالے کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ  لائن آف کنٹرول پر ،کل رات کو بھارتی افواج نے جندروٹ،نکیال ،کریلہ اور بڑوہ  سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی، چار شہریوں کی شہادت اور 10 شہریوں کے زخمی ہونے پر پاکستان نے شدید احتجاج کیا، کہ  بھارت جان بوجھ کر شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی ایٹمی آبدوز نے گزشتہ دنوں، پاکستان میری ٹائم اکنامک زون کی بھی خلاف ورزی ہے، پاکستان کی جانب سے بھارتی دراندازی کی بھر پور مذمت کی گئی۔  پاکستان نے واضح کیا ہے کہ بھارت 2003 کے سیز فائر معاہدے اورسمندری قوانین کے اقوام متحدہ  کنونشن کا احترام کرے۔