Tuesday, May 21, 2024

بھارتی پولیس کا شہریوں پر بدترین تشدد ، طلباء پر اسٹن گرینیڈ کے استعمال کا انکشاف

بھارتی پولیس کا شہریوں پر بدترین تشدد ، طلباء پر اسٹن گرینیڈ کے استعمال کا انکشاف
December 25, 2019
 نئی دہلی (92 نیوز) بھارتی پولیس کی شہریوں پر بدترین تشدد کی نئی ویڈیوز سامنے آگئی۔ علی گڑھ یونیورسٹی میں طلباء پر اسٹن گرینیڈ کے استعمال کا انکشاف ہوا۔ مودی حکومت کے متنازعہ شہریت ترمیمی قانون کیخلاف احتجاج کی وجہ سے پورا بھارت جام ہو گیا۔ چپہ چپہ آزادی کے نعروں سے گونج رہا ہے۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں طلبا پر پولیس تشدد کی تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر آ گئی ۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ طلبا پر اسٹن گرینیڈ کا استعمال ہوا۔ پولیس نے طلبا پر تشدد کے وقت جے شری رام کے نعرے لگائے اور ان کے اسکوٹرز اور گاڑیاں جلائیں۔ مودی کی انتہا پسندانہ پالیسیوں نے عالمی برادری کو بھی بولنے پر مجبور کر دیا۔ جرمنی کے ٹی وی چینلز نے ایک پوسٹر اپنی سکرینوں پر دکھایا جس میں ہٹلر نے مودی کو اٹھایا ہوا ہے۔ ڈیموکریٹ کی رکن کانگریس پرامیلا جیاپال نے امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں اپنے مضمون میں لکھا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ نے ان سے ملنے سے انکار کر دیا لیکن وہ انسانی حقوق کے حوالے سے خاموش نہیں رہ سکتیں۔ معروف مصنفہ اور انسانی حقوق کی علمبرادر ارون دتی رائے نے جواہر لال یونیورسٹی میں طلبہ سے خطاب میں پھر متنازعہ قانون کی مخالفت کی اور بولیں مودی جھوٹ بول رہا ہے، قانون مسلمانوں کے خلاف ہے جو قابل مذمت ہے۔ اترپردیش میں خوف کی فضا برقرار ہے۔ گزشتہ جمعے کو میرٹھ شہر میں 5 مسلمانوں کی ہلاکت کے بعد ان کے ورثاء کو خوفزدہ کیا جا رہا ہے۔ 60 سالہ مسلمان خاتون کا کہنا ہے وہ اپنے گھروں میں سو نہیں پا رہے۔ 30سالہ رئیس کو بھارتی پولیس نے گولیوں کا نشانہ بنایا ۔ اس کے والد کی آہ بکا سن کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ ادھرنریندرا مودی کی حکومت نے معیشت کا بھی جنازہ نکال دیا۔ آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی جی ڈی پی کی شرح مسلسل نیچے آ رہی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری بھی رُک گئی ہے۔