Sunday, September 8, 2024

بھارتی پولیس نے شبیرشاہ کو نئی دہلی میں نظربند کر دیا

بھارتی پولیس نے شبیرشاہ کو نئی دہلی میں نظربند کر دیا
August 22, 2015
نئی دہلی (ویب ڈیسک) شبیرشاہ جیسے ہی جہاز سے اترے بھارتی سکیورٹی ایجنسیوں اور دہلی پولیس نے انہیں گھیر لیا اور ان سے پوچھا کہ وہ کہاں پر قیام کریں گے۔ بعدازاں انہیں ان کی قیام گاہ پر لے جا کر نظربند کر دیا گیا۔ شبیرشاہ کے ہمراہ مزید دو حریت لیڈر محمد عبداللہ تاری اور ضمیر احمد شیخ بھی موجود ہیں جو ان کے ہمراہ دہلی گیسٹ ہاﺅس میں ہی قیام کریں گے۔ قبل ازیں بھارتی میڈیا کی جانب سے انہیں گرفتار کرنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا۔ واضح رہے کہ سرتاج عزیز کے دورہ بھارت کے تناظر میں پاکستانی ہائی کمیشن نے حریت لیڈروں کو ملاقات کیلئے دعوت دی تھی۔ دوسری طرف سرینگر میں میڈیا سے بات چیت کے دوران میرواعظ عمرفاروق کا کہنا ہے کہ پاک بھارت قومی سلامتی مشیروں کے درمیان بات چیت ہونی چاہیے۔ اگربھارت مذاکرات معطل کرتا ہے تو یہ اس کا غیردانشمندانہ اقدام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری پاکستان اوربھارت کے تنازعات کے اولین فریق ہیں۔ پاکستان کو بھارت کے ساتھ سیکرٹری سطح کے مذاکرات سے پہلے کشمیریوں سے بات کرنی چاہیے۔