Thursday, April 18, 2024

بھارتی پائلٹ کی رہائی، عالمی میڈیا میں پاکستان کی امن پسندی کے چرچے

بھارتی پائلٹ کی رہائی، عالمی میڈیا میں پاکستان کی امن پسندی کے چرچے
March 2, 2019
 لندن (92 نیوز) بھارتی پائلٹ کی رہائی کے پاکستانی اقدام کی دنیا بھر میں تعریف شروع ہو گئی۔ عالمی میڈیا میں پاکستان کی امن پسندی کے چرچے ہونے لگے۔ بی بی سی، سی این این، اسکائی نیوز، الجزیرہ سمیت دیگر بڑے چینلز بھی جذبہ خیرسگالی کے معترف نکلے۔ گرفتار پائلٹ ابھی نندن کی بھارت حوالگی لائیو دکھائی۔ عالمی سطح پر اہمیت کے حامل میڈیا ہاسز نے خطے کے امن کے لیے پاکستان کے بڑے اقدام کی کھل کر تعریف کی۔ وزیراعظم عمران خان کے دانشمندانہ اور دلیرانہ فیصلے کو سراہا۔ انٹرنیشنل میڈیا نے پاکستان کو ایک ذمہ دار اور امن کی خواہاں ریاست قرار دیا جبکہ عالمی تجزیہ کار بھی وزیراعظم عمران خان کے امن کے لیے بڑے فیصلے کی تعریف کرنے پر مجبور ہو گئے۔ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے اعلان کو  بھی عالمی میڈیا نے بریکنگ نیوز کے طور پر نشرکیا۔ پاکستان کے جذبہ خیرسگالی کی بھرپور انداز میں پذیرائی کی۔ واہگہ بارڈر پر بھارتی پائلٹ کی حوالگی کی انٹرنیشنل میڈیا میں لائیو کوریج سے  پاکستان کا مثبت چہرہ ابھر کر سامنے آیا۔ دنیا بھر میں پاکستان کی تعریف کی جارہی ہے جبکہ مودی سرکار کی انتہا پسندی کڑی تنقید کا نشانہ بن رہی ہے۔