Friday, April 26, 2024

بھارتی ٹینکوں کا قبرستان چونڈہ ، انتہائی اہمیت کا حامل قصبہ

بھارتی ٹینکوں کا قبرستان چونڈہ ، انتہائی اہمیت کا حامل قصبہ
September 5, 2018
سیالکوٹ ( 92 نیوز) سیالکوٹ سے 30 کلو میٹر دور تاریخی قصبہ چونڈہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے،1965 کی جنگ ستمبرمیں  بھارتی فوج کو  اسی قصبہ میں ایسی شکست سے دو چار ہونا پڑا کہ دشمن کی آئندہ نسلیں بھی ہمیشہ یاد رکھیں گی۔ جنگ ستمبر کے موقع پر طاقت کے نشے میں چُور بھارت نے پاک فوج کی توجہ لاہور محاذ سے ہٹانے کے لئے 600 ٹینکوں اور ایک لاکھ فوج کے ساتھ سیالکوٹ کی سرزمین پرچارواہ،باجرہ گڑھی اورنکھنال پر حملہ کردیا۔ بُزدل دشمن لاؤلشکر کیساتھ چونڈہ کے مقام پر پہنچا تو اہلیانِ چونڈہ نے پاک فوج کے ساتھ مل کر بھارتی فوج کا غرور خاک میں ملا دیا یہاں تک کہ  چونڈہ کو بھارتی ٹینکوں کا قبرستان بنا دیاگیا ۔ دوسری جنگِ عظیم کے بعد دُنیا میں ٹینکوں کا یہ سب سے بڑا حملہ تھا،  شہادت کا جذبہ رکھنے والے جوانوں نے سینے سے بم باندھ کر بھارتی ٹینکوں کے پرچے اُڑادئیے ۔ چونڈہ میں اس معرکے کے کئی شہداء کی قبریں اور بھارت سے چھینا گیا ٹینک آبدوز اور توپیں موجود ہیں جو بھارتی فوج کی بُزدلی اور پاک فوج کے  تاریخی معرکے کی یاد دلاتی ہے۔