Wednesday, April 24, 2024

بھارتی وزیردفاع کا ایٹمی ڈاکٹرائن پر بیان ،بھارت کے دوہرے معیار کا عکاس ہے: ترجمان دفتر خارجہ

بھارتی وزیردفاع کا ایٹمی ڈاکٹرائن پر بیان ،بھارت کے دوہرے معیار کا عکاس ہے: ترجمان دفتر خارجہ
November 18, 2016

 اسلام آباد(92نیوز)دفتر خارجہ  نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کا ایٹمی ڈاکٹرائن پر، بیان بھارت کے دوہرے معیار  کا عکاس ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے جارحانہ اقدامات ناصرف دنیا بلکہ خطے میں امن کے قیام کے لیے خطرہ ہیں۔

تفصیلات کےمطابق ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا ہے  کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر مسلسل جارحیت بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔ پاکستان بھارت کیساتھ کشیدگی کو بڑھانا نہیں چاہتا۔ تاہم جب بھی خلاف ورزی کی  گئی ،پاکستان اپنا ردعمل دے گا۔ بھارتی وزیر دفاع کا ایٹمی ڈاکٹرائن پر بیان بھارت کے دوہرے معیار  کا عکاس ہے۔ ترجمان نے کہا کہ  پاکستان نے  دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ستر ہزار جانوں کی قربانیاں دیں۔ افغانستان میں غیر ریاستی عناصر کی موجودگی تحفظات کو جنم دے رہی ہے۔ وزیر اعظم نے افغانستان کے چیف ایگزیکیٹو عبداللہ عبداللہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے۔دورے کے حوالے سے باہمی مشاورت سے تواریخ  کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ ترجمان  نے ترک صدر کے دورے کو کامیاب قرار دیتے  ہوئے کہا کہ  طیب اردوان نے  پاکستانی  پارلیمان سے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کا  خصوصی طو پرذکر کیا۔ مغربی دنیا میں مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے خاتمہ کے لیے آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔