Thursday, March 28, 2024

بھارتی وزیر خارجہ نے پاکستان آنے کی تاحال تصدیق نہیں کی : دفترخارجہ

بھارتی وزیر خارجہ نے پاکستان آنے کی تاحال تصدیق نہیں کی : دفترخارجہ
December 3, 2015
اسلام آباد (92نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لیے بھارتی وزیر خارجہ نے ابھی تصدیق نہیں کی۔ کانفرنس کا افتتاح وزیر اعظم نواز شریف اور افغان صدر نے کرنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ وزیر اعظم بھارتی ہم منصب سے ملاقات کے حوالے سے بیان دے چکے ہیں۔ میرے پاس اس حوالے سے مزید کہنے کو کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لیے بھارتی وزیر خارجہ نے ابھی تصدیق نہیں کی۔ افغانستان میں تعینات بھارتی سفیر کا پاک افغان تعلقات کے حوالے سے بیان مناسب نہیں۔ کسی سفیر کا میزبان ملک کے کسی تیسرے ملک کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے بیان دینا سفارتی آداب کے منافی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان کا کہنا ہے کہ ملا منصور کے زخمی یا ہلاک ہونے کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں ہے۔ نئی دہلی میں پاکستانی اہلکار پر جاسوسی کے الزامات اور تحقیقات کے حوالے سے بھارت نے ہمیں آگاہ نہیں کیا۔ پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسی پر الزامات بے بنیاد ہیں۔ بھارت ماضی میں بھی ایسے الزامات لگاتا رہا ہے مگر کبھی ثابت نہیں ہوا۔ ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد میں افغانستان کے حوالے سے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا افتتاح وزیر اعظم نواز شریف اور افغان صدر نے کرنا ہے تاہم ابھی تک افغان صدر کے دورہ پاکستان کی کنفرمیشن موصول نہیں ہوئی۔