Sunday, September 8, 2024

بھارتی حکام نے پاک بھارت مذاکرات منسوخی کی تردید کر دی

بھارتی حکام نے پاک بھارت مذاکرات منسوخی کی تردید کر دی
January 11, 2016
لاہور (92نیوز) پٹھان کوٹ حملے کی آڑ میں انتہا پسند بھارٹی میڈیا روایتی ہرزہ سرائی میں بڑھ گیا۔ ایک ہندو اخبار نے تو جھوٹا انٹرویو شائع کر کے پندرہ جنوری کو ہونے والے پاک بھارت مذاکرات کی منسوخی کی خبر شائع کر دی جس پر بھارتی دفتر خارجہ اور مشیر قومی سلامتی اجیت دوول کو تردید کرنا پڑی۔ تفصیلات کے مطابق پٹھان کوٹ حملہ سے بھارتی حکومت سے زیادہ انتہا پسند بھارتی میڈیا کو تشویش لاحق ہے۔ کیا بھارتی میڈیا ہی خارجہ پالیسی کی سمت وضع کرے گا۔ یہ وہ سوال ہے جو سفارتی حلقوں میں گردش کرنے لگا ہے۔ ایک انتہا پسند ہندو اخبار ”دینک بھشکار“ نے صحافتی اقدار کی دھجیاں ہی اڑا ڈالیں۔ اخبار نے جھوٹا دعویٰ کیا کہ اجیت دوول نے انہیں انٹرویو میں کہا کہ پاک بھارت مذاکرات منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ اس مضحکہ خیز خبر پر بھارتی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر کو خود تردید کرنا پڑی جبکہ بھارتی وزارت خارجہ نے بھی دعویٰ جھوٹا قرار دے دیا۔ اجیت نے واضح کیا کہ انہوں نے تو ایسا کوئی انٹرویو دیا ہی نہیں نہ ہی پاکستان اور بھارت کے طے شدہ مذاکرات منسوخ ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب ٹائمز آف انڈیا کے مطابق مذاکرات کی منسوخی دونوں ممالک کو ایک قدم پیچھے لے جائے گی۔ پاکستانی حکام مذاکرات کی منسوخی نہیں چاہتے یہی وجہ ہے کہ مذاکرات کے لئے کوششیں ہو رہی ہیں۔ ادھر بھارتی دفتر خارجہ نے بھی بھارتی اخبار کے دعویٰ کی سختی سے تردید کر دی۔