Saturday, May 11, 2024

بھارتی میڈیا کا جھوٹا واویلا، ڈی جی آئی ایس پی آر نے تسلی کرادی‏

بھارتی میڈیا کا جھوٹا واویلا، ڈی جی آئی ایس پی آر نے تسلی کرادی‏
October 20, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) بھارتی میڈیا اپنی فوج کی  سول آبادی پر فائرنگ  کی  بزدلانہ کارروائی  کو جھوٹ کا تڑکا لگا کر پیش کرتا رہا ،  ڈی جی آئی ایس پی آرکے ایک ٹویٹ نے پورے بھارتی میڈیا کی تسلی کردی۔ جھوٹ پر جھوٹ بول کر بھارتی میڈیا صحافتی اقدار بھی بھول گیا ، رات کی تاریکی میں بھارتی فوج کی شہری آبادی پر بمباری کو جھوٹ کا تڑکا لگاکر پیش کرنے لگا۔بھارتی میڈیا کی ڈھٹائی تو دیکھیں جھوٹ پر واویلا تو کرتا رہا مگر  پاک فوج کے ہاتھوں پہنچنےوالےبھاری جانی نقصان کی نہ تو کسی چینل پر کوئی خبر چلی اور نہ کوئی ٹرانسمشن پیش کی ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے دوہرے معیار پر بھارتی میڈیا کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا بھارتی میڈیا میں جرات ہے تو پاک فوج کے ہاتھوں بھارت کو پہنچنے والا نقصان دکھائے ۔ میجر جنرل آصف غفور نے جہاں بھارتی میڈیا کی بے بسی پر سوال  اٹھایا وہاں پاکستانی میڈیا کے کردار کی تعریف بھی کی ، آصف غفور نے لکھا بھارتی میڈیا کو پاکستان سے صحافتی اقدار سیکھنےچاہئیں۔ پاک فوج کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے بھارتی پائلٹ ابھی نندن بھی بھارتی میڈیا کی کارستانیوں سے پردہ اٹھا چکےہیں ، معروف بھارتی صحافی رویش کمار تو عوام کو ٹی وی چینلز سے دور رہنے کا مشورہ دے چکے ہیں۔ مودی سرکار کی گود میں بیٹھا بھارتی میڈیا حکومت کا آلہ کار بن کر سچ کوجھوٹ اور جھوٹ کو سچ ثابت کرنے کی جتنی بھی کوشش کرلےمگر حقیقت کو نہیں جھٹلا سکتا۔