Friday, March 29, 2024

بھارتی میڈیا بی جے پی کی پراپیگنڈہ مشین بن چکا ، امریکی اخبار

بھارتی میڈیا بی جے پی کی پراپیگنڈہ مشین بن چکا ، امریکی اخبار
March 5, 2019
واشنگٹن (92نیوز)امریکی اخبار نے بھی بھارتی میڈیا کو حکمران جماعت بی جے پی کی پراپیگنڈہ مشین قرار دے دیا۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے انڈین میڈیا کی حقیقت دنیا کے سامنے کھول کر رکھ دی ، اخبار کے مطابق پلوامہ حملے پر بھارتی میڈیا نے سچ عوام تک نہیں پہنچنے دیا ، خود ساختہ دعوے کرکے سیاسی آلہ کار ہونے کا ثبوت دیا ۔ واشنگٹن پوسٹ نے کہا کہ بالاکوٹ آپریشن پربھارتی میڈیا نے بنا کسی سرکاری تصدیق کے تین سو دہشتگردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیاجسے پاکستان نے نہ صرف مسترد کیا بلکہ عالمی میڈیا کو جگہ کا دورہ کرانے کی دعوت بھی دے دی۔ رپورٹ کے مطابق پلوامہ حملے پر بھارتی میڈیا کی رپورٹنگ متضاد، متعصب اور جلدبازی پر مبنی تھی، تمام بھارتی چینل باقاعدگی سے نامعلوم حکومتی ذرائع، فرانزک ماہر، پولیس افسران اور انٹیلی جنس سے معلومات لے کر شیئر کرتے رہے۔ واشنگٹن پوسٹ لکھتا ہے کہ بالاکوٹ آپریشن میں بھارتی میڈیا نے بنا سرکاری تصدیق کے تین سو سے زائد ہلاکتوں کا دعویٰ کیا ، امریکی اخبار کے مطابق دو جوہری طاقتوں میں بڑھتے تناؤ کے باوجود بھارتی وزیراعظم مودی نے قوم سے خطاب کرنا مناسب نہیں سمجھا، سیکرٹری خارجہ اور وزارت خارجہ کے ترجمان نے پریس بریفنگز دیں جن میں کسی سوال کا جواب نہیں دے سکے۔ رپورٹ کے مطابق بالاکوٹ آپریشن کے حوالے سے تضاد بھارتی میڈیا میں نمایاں نظر آیا، کسی نے کہا کہ پچیس سے ساڑھے تین سو کلو کا دھماکا خیز مواد اس میں استعمال ہوا، تو کسی نے ہلاکتوں کی نام نہاد تعداد کو پیش کیا ، جس کی کوئی سرکاری تصدیق بھی نہیں کی گئی۔ پلوامہ حملے کے کئی ماسٹر مائنڈ بنانا بھی بھارتی میڈیا ہی کی کارستانی ہے، کئی چینلز نے اپنے نیوز رومز کو ملٹری کمانڈ سنٹر میں تبدیل کرلیا جہاں ہر اینکر ملٹری ٹیکنالوجی اور حکمت عملی بتاتا نظر آیا۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے تاہم حالیہ واقعات نے مقبوضہ کشمیر کو کہیں چھپا دیا ، جہاں ہونے والی شہادتیں اور حریت رہنماؤں کی گرفتاری میڈیا پر رپورٹ ہی نہیں ہوئیں،بھارتی میڈیا ان کشمیریوں کو بطور دہشتگرد پیش کرتا ہے، جبکہ وہ ایسی کمیونٹی ہے جو اپنی آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں۔