Friday, May 10, 2024

بھارتی معیشت صفر کی رفتار سے ترقی کر رہی ہے ، بی بی سی

بھارتی معیشت صفر کی رفتار سے ترقی کر رہی ہے ، بی بی سی
September 3, 2019
لندن(ویب ڈیسک ) 15 ماہ قبل انڈیا کی معیشت آٹھ فیصد کی رفتار سے ترقی کر رہی تھی جو کہ گرتے گرتے اب پانچ فیصد کی سطح تک جا پہنچی اور ایسا اچانک نہیں ہوا،بھارتی معیشت پانچ فیصد کے بجائے صفر کی رفتار سے ترقی کر رہی ہے ۔ بھارتی ماہر معیشت پروفیسر ارون کمار نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو بتایا کہ چاروں طرف سے معاشی سست رفتاری کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ لدھیانہ میں سائیکلوں اور آگرہ میں جوتے جیسی صنعتوں سے وابستہ غیر منظم شعبے بڑی تعداد میں بند ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ  یہی حال دوسرے شعبوں کا ہے ، مانگ میں کمی تو ’ڈی موناٹئیزیشن‘ کے بعد سے ہی شروع ہو گئی تھی، تین برسوں میں معیشت کو تین بڑے جھٹکے لگے ہیں جس کی وجہ سے بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے ۔ سی ایم آئی کے اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ ملک میں ملازمین کی تعداد 45 کروڑ تھی جو کم ہو کر 41 کروڑ رہ گئی ہے ،اس کا مطلب یہ ہے کہ چار کروڑ لوگ بے روزگار ہو گئے ہیں، معاشی ترقی کی شرح پانچ، چھ یا سات فیصد نہیں بلکہ یہ صفر فیصد ہے کیونکہ اس میں غیر منظم شعبے کے اعداد و شمار شامل نہیں لیکن اگر حکومت کے پیش کردہ اعداد و شمار کو غیر منظم شعبے کے اعدادوشمار میں شامل کیا جائے تو انڈین معیشت کساد بازاری سے گزر رہی ہے ۔