Friday, March 29, 2024

بھارتی متنازعہ قانون سے پاکستان کیلئے مہاجرین کا بڑا مسئلہ پیداہوگا، وزیر عظم

بھارتی متنازعہ قانون سے پاکستان کیلئے مہاجرین کا بڑا مسئلہ پیداہوگا، وزیر عظم
February 17, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے اقوام عالم پر واضح کر دیا کہ  بھارتی متنازعہ قانون سے پاکستان کیلئے مہاجرین کا بہت بڑا مسئلہ پیدا ہوگا ، بھارت میں مودی حکومت کے نازی فلسفے کو روکنے کیلئے اقدامات نہ کئے تو معاملات ہاتھ سے نکل جائیں گے، تمام تر مشکلات کے باوجود پاکستان نے افغان مہاجرین کی میزبانی کی کیونکہ فراخ دلی کا بینک بیلنس سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں افغان مہاجرین سے متعلق عالمی کانفرنس سے خطاب میں  مغرب میں اسلام و فوبیا اور انتہا پسندی پر روشنی ڈالی ، بھارت کی انتہا پسند پالیسیوں اور کشمیر میں بربریت پر مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیا۔ وزیر اعظم نے  اقوام متحدہ پر واضح کردیا کہ مودی حکومت نازی فلسفے کو پروان چڑھا رہی ہے ، توجہ نہ دی تو مستقبل میں بہت بڑا مسئلہ بن کر ابھرے گا ، کہا کہ یہ نہرو اور گاندھی کا بھارت نہیں، بھارت میں سیاست کیلئے لوگوں کو تقسیم کیا جا رہا ہے، حالات سنگین ہونے سے پہلے عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے،  اس سے پہلے کہ معاملات ہاتھ سے نکل جائیں کچھ کرنے کی ضرورت ہے ۔ وزیراعظم نے کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کو ایک مرتبہ پھر اجاگر کیا اور کہا کہ 6 ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں عوام کھلی جیل میں قید ہیں ، ایک ارب سے زائد آبادی والے ملک پر انتہاپسندی کا قبضہ ہو چکا، بھارت میں متنازع شہریت بل سے 20کروڑ مسلمانوں کو نشانہ بنایاجا رہا ہے۔ عمران خان نے اقوام عالم کو بتایا کہ  بی جے پی لیڈرز متنازعہ قانون کے خلاف احتجاج کرنےوالے مسلمانوں کو پاکستان جانے کا کہتے ہیں، اقوام متحدہ اور عالمی برادری نے اس مسئلے کو حل نہ کیا اور اپنا کردار ادا نہ کیا تو اس سے مستقبل میں مہاجرین کا بہت بڑا مسئلہ پیدا ہوگا اور پاکستان کے لیے مشکلات پیدا ہوں گی۔ افغان امن عمل پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم اور تمام ادارے افغانستان میں امن کے خواہشمند ہیں ، پاکستانی قوم نے گزشتہ 20 سال میں معاشی مشکلات کے باوجود افغان مہاجرین کی میزبانی کی کیونکہ فراخ دلی کا بینک بیلنس سے کوئی تعلق نہیں ان کا کہنا تھا کہ اپنا گھر چھوڑنا انسان کیلئے بہت مشکل فیصلہ ہوتا ہے، افغان بچے پاکستانی ٹیم کو کرکٹ کھیلتا دیکھتے تھے، افغان مہاجرین کے بچوں نے پاکستان میں کرکٹ کھیلنا سیکھی، افغانستان کی کرکٹ ٹیم آج عالمی درجہ بندی میں شامل ہوچکی ہے ۔ وزیراعظم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کا بھی تذکرہ کیا ، کہا کہ ملک میں دہشتگردوں کی کوئی محفوظ پناہ گاہیں نہیں۔