Friday, May 17, 2024

بھارتی لڑکی گیتا کو بالآخر گھر والے مل گئے

بھارتی لڑکی گیتا کو بالآخر گھر والے مل گئے
October 15, 2015
کراچی (92نیوز) بلقیس ایدھی فاونڈیشن کی کوششیں رنگ لے آئیں۔ گونگی بہری بھارتی لڑکی گیتا کو تیرہ سال بعد گھر والوں کا پتہ مل گیا۔ تفصیلات کے مطابق گیتا تقریباً تیرہ سال قبل غلطی سے پاکستان آگئی تھی‘ وہ نہ بول سکتی ہے نہ سن سکتی ہے۔ تیرہ سال قبل بلقیس ایدھی فاونڈیشن نے اس کی ذمہ داری لی اور بلقیس ایدھی نے اس کو گیتا کا نام بھی دیا۔ گیتا نے بلقیس ایدھی فاونڈیشن کو اپنا گھر تو سمجھ لیا امگر اس کا دل اپنوں کی تلاش میں تڑپتا رہا اور پھر ایک دن گیتا کی سنی گئی جب بھارتی حکومت کی طرف سے ایدھی فاونڈیشن کو کچھ تصاویر موصول ہوئیں اور جن کو دیکھ کر گیتا کے بے چین دل کو قرار آگیا۔ فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ گیتا اب جلد گھر روانہ ہو جائے گی۔ گیتا بول تو نہیں سکتی مگر اپنے گھروالوں کی تصویر دیکھ کر بتانے کی کوشش کرتی ہے کہ یہ میرے ماں‘ باپ اور بھائی ہیں۔ گیتا نے پاکستان میں پڑھنا لکھنا سیکھا۔ بلقیس ایدھی کے ساتھ بھی گیتا کا محبت بھرا رشتہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بلقیس ایدھی نے بھارتی حکومت سے درخواست کی ہے کہ ان کو گیتا کے ساتھ بھارت جانے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ خود گیتا کو اس کے والدین کے حوالے کر سکیں۔ امید ہے کہ کاغذات کی تیاری کے بعد چھبیس اکتوبر کو گیتا بھارت روانہ ہو جائے گی۔