Friday, April 26, 2024

بھارتی قیادت کے بیانات قابل افسوس ہیں : آرمی چیف جنرل راحیل شریف

بھارتی قیادت کے بیانات قابل افسوس ہیں : آرمی چیف جنرل راحیل شریف
June 10, 2015
راولپنڈی (92نیوز)فارمیشن کمانڈرزکانفرنس میں بھارتی اشتعال انگیزبیانات کا سختی سے نوٹس لے لیا گیا، آرمی چیف جنرل راحیل شریف  کہتے ہیں کہ بھارتی قیادت کے بیانات  قابلِ افسوس ہیں۔ بھارتی عزائم کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، انہوں نے نوید سنائی کہ  آپریشن ضربِ عضب آخری مرحلے میں داخل ہوگیا،شمالی وزیرستان اورخیبرایجنسی میں دہشت گردوں کا صفایا کردیا۔ تفصیلات کے مطابق فارمیشن کمانڈرکااجلاس آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت ہوا، جس میں  تمام کور کمانڈرز ا ور  فارمیشن کمانڈرز  نے  شرکت کی ۔ کانفرنس میں  بھارتی سیاسی  قیادت  کے  بیانا ت کا سخت  نوٹس  لیتے ہوئے  اسے   اقوام متحدہ کے  چارٹر کی  خلاف ورزی قرار دیا  گیا ۔ کانفرنس  سے  خطاب کرتے  ہوئے   آرمی   چیف جنرل راحیل شریف نے  کہا کہ   بھارتی وزیراعظم  دوسرے ملکوں میں  مداخلت کو  فخر سے بیان کرتے ہیں  جو  انتہائی   قابل مذمت  اور عالمی قوانین کے  خلاف ہے۔ کانفرنس کے شرکا  نے  اس عزم کا اظہا رکیا   کہ بھارت کے  تمام ناپاک  منصوبوں کو ناکام بنایا جائے گا،پاکستان  کی جانب  کسی  نے بھی  میلی  آنکھ سے  دیکھا  تو اس کو  بھرپور  جواب دیا  جائے  گا ۔ وطن  عزیز کے  دفاع   کی  ہر  قیمت   پر حفاظت کی  جائے   گی۔ آرمی  چیف   نے کہا کہ دہشت گردوں کو شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی سے  بھاگنے پر مجبور کردیا ہے   اور وہ اب  پاک  افغان  بارڈر پر چھپتے  پھر رہے ہیں ۔ دہشتگردوں کے خلاف  آپریشن کامیابی سے  جاری  ہے ،دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت کر ملک کو خوشحال  بنائیں گے۔