Thursday, April 25, 2024

مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے ، صدر ، وزیر اعظم

مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے ، صدر ، وزیر اعظم
July 13, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) یوم شہدائے کشمیر پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ، وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے، مقبوضہ کشمیر کی بھارتی قبضے سے آزادی کا دن دور نہیں ہے۔ 

وزیر اعظم عمران خان نے ٹوئٹ میں کشمیریوں کو غیرقانونی اور وحشیانہ بھارتی قبضہ کے خلاف جدوجہد پر سلام پیش کیا ،کہا کہ 13 جولائی 1931 کے شہدا آج کے کشمیری مزاحمت کاروں کے آباؤ اجداد تھے، ان کی اولاد نے نسل در نسل اپنی آزادی کے لئے اپنی جانیں نچھاور کیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج کشمیری عوام آبادیاتی انجینئرنگ کے ذریعے ہندوتوا بالادستی کے سامنے بہادری سے لڑ رہے ہیں، پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے کھڑا رہا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ٹوئٹ میں کشمیری نوجوانوں کے جذبے اور ہمت کو سلام پیش کیا ، کہا کہ حق خودارادیت کے اس عظیم مقصد کے حصول کیلئے قربانیوں کا سفر آج تک جاری ہے اور کوئی بھی جبر ان غیور کشمیریوں کے جذبہ ء جانثاری پر غالب نہیں آ سکتا۔ 13 جولائی 1931 کے شہدا کا خون ہمارے اْوپر قرض ہے جس کو چکانا ہمارا فرض ہے۔

چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے ٹوئٹ میں کہا کہ کشمیر کی تحریک آزادی 1948 کو شروع ہوئی جب نوآبادیاتی حکمرانوں نے کشمیر کو ڈوگرا کے ہاتھ بیچا۔ آزادی ہر کشمیری کے خون میں دوڑ رہی ہے، زیر حراست ہلاکتیں، گرفتاریاں کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتیں۔