Thursday, March 28, 2024

بھارتی قبضے کیخلاف حریت رہنماوں کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر میں آج یوم سیاہ

بھارتی قبضے کیخلاف حریت رہنماوں کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر میں آج یوم سیاہ
October 27, 2015
سرینگر (92نیوز) کشمیری آج بھارتی فوج کے ناجائز قبضے کے خلاف یوم سیاہ منارہے ہیں ستائیس اکتوبر 1947ءکو کشمیرکے بڑے حصے پر بھارت نے قبضہ کر لیا تھا۔ ہرسال 27اکتوبر کو احتجاجاً کشمیری یوم سیاہ کے طورپر مناتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 27اکتوبر 1947ءکو بھارتی غاصبوں نے فوجی طاقت کے بل بوتے پر نہتے اور مظلوم کشمیریوں کے خلاف جار حانہ کارروائی کرتے ہوئے جنت نظیر وادی پر غاصبانہ قبضہ کر لیا تھا۔ 68برسوں سے کروڑوں کشمیری بھارتی غلامی کی زنجیروں میں جکڑے ہوئے ہیں اور جدو جہد آزادی کے ذریعے بھارتی تسلط کے خلاف نبردآزما ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس، جموںو کشمیر لبریشن فرنٹ‘ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی، متحدہ جہاد کونسل نے مشترکہ طور پر مقبوضہ جموں کشمیر میں ہڑتال کی کال دے رکھی ہے جس پر مقبوضہ جموں کشمیر میں مکمل ہڑتال ہے۔ سکول ،کالجز اور تجارتی مراکز بند ہیں۔ حریت رہنما سید علی گیلانی کی طرف سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سیاہ جھنڈوں کے ہمراہ گھروں سے نکلیں اور دنیا کوبتائیں کہ کشمیریوں کو بھارت کا قبضہ قبول نہیں ہے۔ بھارت نے روایت کو قائم رکھتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کردیا ہے تاکہ کشمیری عوام کو مظاہرے کرنے سے روکا جا سکے۔