Thursday, March 28, 2024

بھارتی قابض فورسز کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، بھارتی سینئر سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی

بھارتی قابض فورسز کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، بھارتی سینئر سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی
December 20, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) بھارتی قابض فورسز کی لائن آف کنٹرول پر فائر بندی انتظام کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارتی سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔

بھارت کی جانب سے ایل او سی پر سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ بھارتی فورسز نے 19 دسمبر کو ایل او سی کے رکھ چکری سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کرکے اکھوری گاؤں کی 25 سالہ لڑکی کو شدید زخمی کر دیا جس پر پاکستان نے سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا اور احتجاجی مراسلہ بھی تھما دیا۔

 ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ رواں برس بھارت فائر بندی انتظام کی 3003 خلاف ورزیاں کر چکا ہے۔ بھارتی اشتعال انگیزیوں سے 27 معصوم شہری شہید جبکہ 250 زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے۔ نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین، اقدار کے منافی ہے۔ بھارت ایسے ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کو گمراہ نہیں کر سکتا۔