Thursday, April 18, 2024

بھارتی قابض فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں دو کشمیریوں کو شہید کر دیا

بھارتی قابض فورسز نے  مقبوضہ کشمیر میں  دو کشمیریوں کو شہید کر دیا
November 1, 2018
سرینگر( 92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری  ہے ،  قابض بھارتی فورسز نے  مقبوضہ کشمیر کے  ضلع بڈگام میں آپریشن کے دوران دو کشمیریوں کو شہید کردیا، دوسری طرف کشمیر میڈیا نے رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق بھارتی فوج نے گزشتہ ماہ 39 نہتے کشمیریوں کو شہید جبکہ سیکڑوں کو زخمی کیا۔ جنت نظیر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر کی داستان ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ۔ درندہ صفت بھارتی فوج نے کشمیر کے ضلع بڈگام میں نام نہاد آپریشن کرتے ہوئے دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے علاقے اریزال اور  پنزو میں بھارتی مظالم کیخلاف پر امن احتجاج کرنیوالے کشمیریوں پر بھارتی فوج نےلاٹھیاں اور آنسو گیس کے شیل برسائے  ، جس کے نتیجے میں متعدد کشمیری نوجوان  زخمی ہو گئے ۔ ادھر کشمیر میڈیا نے رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق  امن کا واویلا مچانے والے بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مختلف اضلاع میں کئی جعلی آپریشنز کیے اور 39 کشمیریوں کو شہید ، 379کو شدید زخمی اور 266 کو گرفتار کیا ۔ بھارتی  فوج  نے آپریشن کے دوران گھروں میں گھس کر 11 خواتین کی عزت کو بھی پامال کیا ، یہی نہیں  84 گھروں کو مسمارکر کے سیکڑوں کشمیریوں کو بے گھر بھی کر دیا۔