Tuesday, April 16, 2024

بھارتی قابض فوج نے تین حریت پسند شہید کر دیے ،کٹھ پتلی حکومت نے بھارت مخالف ریلی نکالنے پر پابندی عائد کر دی

بھارتی قابض فوج نے تین حریت پسند شہید کر دیے ،کٹھ پتلی حکومت نے بھارت مخالف ریلی نکالنے پر پابندی عائد کر دی
July 12, 2015
سرینگر(92نیوز)بھارت کامقبوضہ کشمیر پر ظلم و جبر جاری یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بھارت مخالف ریلیوں پر پابندی لگا دی گئی جبکہ حریت رہنماؤں کو گھروں پر نظر بند کر دیا گیا،بھارتی فوج نےپہلگام میں تین حریت پسندوں کو بھی شہید کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے ایک دفعہ پھرمقبوضہ کشمیر پر اپنی ہٹ دھرمی اور  جارحیت جاری رکھتے ہوئے  ہر قسم کی بھارت مخالف ریلیوں پر پابندی لگا دی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ریلیوں پر پابندی ایسے موقع پر لگائی گئی ہے جب حریت رہنماؤں نے یوم شہدائے کشمیر پر مشترکہ ریلی کی قیادت کرنی تھی۔ مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے  حریت رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن کرکے انہیں گھروں میں نظر بند بھی کر دیا ہے۔ حریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق اوریاسین ملک کو گھروں پر نظر بندکیاگیا ہے جبکہ سید علی گیلانی ،شبیر احمد شاہ اور نعیم احمد خان پہلے ہی نظر بند ہیں۔ حریت قیادت  کا کہنا ہے کہ بھارت نے جبر و ظلم بند نہ کیا توایک منظم احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔ دوسری طرف مقبوضہ کشمیر  کے علاقے پہلگام میں بھارتی فوج نے تین حریت پسندوں کو فائرنگ کرکے شہید کر دیا۔