Wednesday, April 24, 2024

بھارتی فورسز کی سیالکوٹ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ ، 3 بچوں سمیت 10 زخمی

بھارتی فورسز کی سیالکوٹ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ ،  3 بچوں سمیت 10 زخمی
May 18, 2018
راولپنڈٰی (92 نیوز) مودی سرکار خطےکا امن تباہ کرنے پر تل گئی۔ بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 3 بچوں سمیت 4 معصوم شہری شہید جبکہ 10 زخمی ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے سیالکوٹ سیکٹر میں فائر بندی کی خلاف ورزی کی۔ ادھر پاک رینجرز کا دشمن کو منہ توڑ جواب بھی سامنے آ گیا۔ پاک رینجرز نے بھارتی فوجی چوکیوں کو نشانہ بنایا اور کئی بھارتی فوجی چوکیاں تباہ کیں۔ دوسری طرف پاکستان کا بھارتی اشتعال انگیزی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر شدید احتجاج ہوا۔ بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ دفتر خارجہ طلب کر لئے گئےاور انہیں احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا ۔ ترجمان دفتر خارجہ کیمطابق قائم مقام سیکرٹری خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر کو باور کرایا کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا ناقابل برداشت ہے۔ بھارتی اشتعال انگیزی انسانی حقوق، قوانین اور اقدار کے خلاف، فائر بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں خطے کے امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔ بھارت اپنی فورسز کو ایسے اقدام سے روکے، واقعات کی تحقیقات کرائی جائیں اور اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو کام کرنے دیا جائے ۔ دفتر خارجہ اور آئی ایس پی آر کیمطابق ورکنگ باﺅنڈری پر بھارتی دہشتگردی وفقہ وقفہ سے جاری ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا بھارت نے رواں برس فائر بندی کی 1050 خلاف ورزیاں کیں۔ بھارتی دہشتگردی کے نتیجے میں ابتک 28 شہری شہید، 117 زخمی ہو چکے ہیں۔