Thursday, April 25, 2024

بھارتی فورسز کی جندروٹ اور نکیال سیکٹرز پر اشتعال انگیزی، 10 زخمی، پاک فوج کا منہ توڑ جواب

بھارتی فورسز کی جندروٹ اور نکیال سیکٹرز پر اشتعال انگیزی، 10 زخمی، پاک فوج کا منہ توڑ جواب
February 10, 2020
راولپنڈی (92 نیوز) گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران بھارتی فورسز کی لائن آف کنٹرول کے جندروٹ اور نکیال سیکٹرز میں اشتعال انگیزی، شہری آبادی کونشانہ بنایا، 10 افراد زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی منہ توڑ جوابی کارروائی میں ایک بھارتی فوجی مارا گیا، میجر سمیت تین اہلکار زخمی ہوگئے۔ بھارتی ناظم الامور کو بھی دفترخارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ بھارت کی لائن آف کنٹرول پر پھر خلاف ورزی کی، آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لائن آف کنٹرول کے نکیال اور جندروٹ سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی۔ بھارتی فورسز نے ضلع کوٹلی کے جبار، ساندھرا، سنبل گلی اور ڈابسی کے دیہات پر بھاری ہتھیاروں سے گولہ باری کی۔ بھارتی فورسز کی فائرنگ اور گولہ باری سے 2 بچوں، 2 خواتین سمیت 10 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لئے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی فورسز کو موثر جواب دیا اور فائرنگ کرنے والی بھارتی فوجی چوکیوں کو نشانہ بنایا.... پاک فوج کے تابڑ توڑ جواب کے نتیجے میں ایک بھارتی فوج ہلاک اور تین زخمی ہوئے، زخمیوں میں ایک بھارتی میجر بھی شامل ہے، آخری اطلاعات تک بھارتی فورسز کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا اور کئی بھارتی فوجی چوکیاں تباہ ہو گئیں۔ دوسری جانب بھارتی ناظم الامورگورواہلو والیا کی دفترخارجہ طلب کر کے فائر بندی انتظام کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا گیا۔ پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت 2003ء کے فائر بندی انتظام کی پاسداری کرے۔ ڈی جی جنوبی ایشیاء و سارک نے باور کرایا کہ معصوم شہری آبادی کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین، انسانی اقدار کے منافی ہیں، بھارتی اشتعال انگیزیاں خطے کے امن اور سلامتی کے لیے شدید خطرہ ہیں۔