Thursday, March 28, 2024

بھارتی فورسز کی بربریت ، پلوامہ میں پانچ نوجوانوں کو شہید کر دیا

بھارتی فورسز کی بربریت ، پلوامہ میں پانچ نوجوانوں کو شہید کر دیا
May 16, 2019
سرینگر ( 92 نیوز ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی بربریت  کا سلسلہ جاری ہے ، ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی میں ضلع پلوامہ میں پانچ نوجوانوں کو شہید کردیا گیا، کٹھ پتلی انتظامیہ نے احتجاج کو دبانے کیلئے کرفیو نافذ کردیا گیا۔ حرمت کے مہینے میں بھی مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ تھم نہ سکا ، الیکشن ڈرامہ فلاپ ہونے کے بعدمقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کی بربریت میں تیزی آگئی۔ ضلع پلوامہ کے علاقے دالی پورہ کو علی الصبح گھیرے میں لے کر نام نہاد آپریشن کا آغاز کیا گیا جس کے دوران بھارتی فورسز نے تین نہتے نوجوانوں کو دہشتگرد قرار دے کر شہید کر ڈالا، تینوں کی شناخت نصیر پنڈت، عمر میر اور خالد احمد کے نام سے ہوئی ہے۔

مودی سرکار کو پلوامہ حملے کا پہلے ہی علم تھا، پریم شنکر جھا

قابض فورسز نے اسی علاقے میں ایک گھر کو بھی بارودی مواد سے تباہ کیا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شہید جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔ بھارتی فوج کی دہشت گردی کے خلاف دالی پورہ میں درجنوں کشمیری نوجوان احتجاج کرتے سڑکوں پر نکل آئے، جنہیں منتشر کرنے کیلئے قابض فوج نے طاقت کا بہیمانہ استعمال کیا۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے احتجاج کو دبانے کیلئے پلوامہ میں کرفیو نافذ کردیا ہے،جبکہ موبائل اور انٹرنیٹ سروس کو بھی بند کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب ضلع بارہ مولا کا زخمی نوجوان سری نگر اسپتال میں چل بسا ، 23 سالہ ارشد احمد ڈار تیرہ مئی کو بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوا تھا۔