Tuesday, April 23, 2024

بھارتی فورسز کی ایل او سی پر نکیال سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ،5 شہری شدید زخمی

بھارتی فورسز کی ایل او سی پر نکیال سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ،5 شہری شدید زخمی
July 6, 2020

راولپنڈی ( 92 نیوز) بھارتی فورسز کی لائن آف کنٹرول پر ریاستی دہشتگردی جاری ہے ، بھارتی فورسز  نے  نکیال سیکٹر میں  بلااشتعال فائرنگ کی جس سے  5شہری شدید زخمی ہوگئے۔

مودی سرکارکی ہٹ دھرمی برقرار ، بھارت کنٹرول لائن پربے گناہ شہریوں کاخون ‏بہانے سے باز نہ آیا، بزدل بھارتی فوج کی شہری ‏آبادی پراشتعال انگیزی ‏سے پانچ شہری زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  آئی ایس پی آر کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے نکیال سیکٹر میں سول آبادی کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں 2 خواتین اور 2 بچے بھی شامل ہیں، پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کا موثر جواب دیا اور ان بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا جہاں سے پاکستانی علاقوں میں فائرنگ کی گئی تھی۔

بھارتی فوج نےاس سے پہلے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب بٹل سیکٹر میں بھی فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا تھا جس کے نتیجہ میں 2 نوجوان زخمی ہوئے تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، بھارتی سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے بلااشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج کیا گیا، ترجمان نے کہا کہ بھارتی فورسز مسلسل کنٹرول لائن، ورکنگ باونڈری پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں جو خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ بھارت 2003ء کے جنگ بندی انتظام کی پاسداری کرے۔