Tuesday, April 23, 2024

بھارتی فورس کا ایک اور اہلکار ناکافی سہولیات پر پھٹ پڑا

بھارتی فورس کا ایک اور اہلکار ناکافی سہولیات پر پھٹ پڑا
January 12, 2017

نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارتی فوجی افسروں کی کرپشن اور اخلاقی پستی کی خبریں سامنے آنے کا سلسلہ رکنے کا نام ہی نہیں لے رہا۔ بی ایس ایف جوان تیج بہادر یادو کے بعد پیرا ملٹری پولیس فورس کا جوان بھی ناکافی سہولیات کے خلاف پھٹ پڑا۔ وزیراعظم مودی کے نام ویڈیو میں جیت سنگھ کا کہنا تھا کہ انکی فورس سے امتیازی سلوک آخر کب تک جاری رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق بی ایس ایف کے جوان تیج بہادر یادیو نے اپنی فورس کے اعلیٰ افسروں کو ان کے کالے کرتوتوں پر آئینہ دکھایا تو وہ برا مان گئے۔ تیج بہادرکے بعد سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک جوان کی نئی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ اپنی فورس سے ہونے والی زیادتیوں پر شدیدبرہم نظر آرہاہے۔

چھبیس سالہ جیت سنگھ ماؤنٹ آبو کے پہاڑی سلسلے میں تعینات ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ان سے ہر جگہ ڈیوٹی لی جاتی ہے لیکن سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ جیت سنگھ کاکہنا تھا کہ بھارتی فوج اور سی پی آر ایف کو دی جانے والی سہولیات اور مراعات میں زمین آسمان کا فرق کیوں ہے۔ ان کو پنشن دی جاتی ہے نہ میڈیکل اور کینٹین کی سہولیات بھی دستیاب نہیں۔

جیت سنگھ ویڈیو میں عوام سے اپیل کررہاہے کہ وہ اس ویڈیو کو زیادہ سے زیادہ پھیلائیں۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے نشر ہونے کے بعد بھارت میں فوجی جوانوں کو دی  جانے والی ناکافی سہولیات پر جاری بحث میں مزید تیزی آگئی ہے۔