Thursday, May 9, 2024

بھارتی فوجیں نو عمر کشمیری بچوں کو اٹھا رہی ہیں ، برطانوی نشریاتی ادارہ

بھارتی فوجیں نو عمر کشمیری بچوں کو اٹھا رہی ہیں ، برطانوی نشریاتی ادارہ
September 23, 2019
سرینگر ( 92 نیوز) تحریک آزادی کچلنے میں ناکام بھارت آپے سے باہر ہوگیا ، مقبوضہ کشمیر میں رات کے اندھیرے میں بھارتی فوجیں چھاپوں کے دوران  نوعمر کشمیری بچوں کو اٹھانے لگیں ،  برطانوی نشریاتی ادارہ قابض فورسز کے بھیانک اقدام سامنے لے آیا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیں وحشیانہ برتاؤ کرنے لگیں  جب کہ عالمی میڈیا کی جانب سے حقائق بے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری ہے برطانوی نشریاتی ادارہ مظلوم کشمیریوں کی ایک اور دل دہلا دینے والی داستان سامنے لے آیا۔ بی بی سی کی رپورٹ میں ایسے ہی ایک شخص کا انٹرویو دکھایا گیا ہے جسے اس کے سولہ سالہ بیٹے کے ساتھ چھ روز تک پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا اس دوران انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اس شخص کا بیٹا رہائی کے باوجود آج بھی خوف کا شکار ہے ، اسے رات کے اندھیرے میں فوجیوں کے  بوٹوں کی آواز سنائی دیتی ہے۔ بی بی سی نے 17 متاثرہ کشمیری خاندانوں سے بات کی جنھوں نے بھارتی مظالم کی ایک جیسی داستان سنائی ، وہ کیمرے کے سامنے آنے سے بھی خوفزدہ ہیں۔ ایک متاثرہ خاتون بتاتی ہیں کہ بھارتی فوج آدھی رات کو آئی اور اس کے شوہر کو پکڑ کر لے گئی جس کی رہائی کے بدلے انھوں نے اس کے 14 سالہ بیٹے کو طلب کیا۔ اس خاتون کے شوہر نے بتایا کہ جب وہ اپنے بیٹے کو ملنے گیا تو وہ رو پڑا  جس نے سوال اٹھایا کہ اس نے کوئی جرم ہی نہیں کیا تو اسے پکڑا کیوں۔ بی بی سی نے اس حوالے سے بھارتی پولیس کا مؤقف بھی جاننے کی کوشش کی ،مگر چور کی داڑھی میں تنکا، انھوں نے اس پر جواب دینا بھی گوارا نہیں کیا۔