Saturday, April 20, 2024

بھارتی فوجیوں نے 16 سالہ لڑکی سمیت مزید 3 کشمیری شہید کر دیئے

بھارتی فوجیوں نے 16 سالہ لڑکی سمیت مزید 3 کشمیری شہید  کر دیئے
July 7, 2018
سرینگر (92 نیوز) بھارتی فوجیوں نے نوجوان حریت رہنما برہان وانی کی شہادت کی برسی سے ایک روز قبل کمسن لڑکی سمیت 3 افراد کو شہید جبکہ درجنوں کو زخمی کر دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج اور پولیس نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام کےگاؤں ریڈوانی کا محاصرہ کرلیا اور گھر گھر تلاشی لینی شروع کر دی۔ اس دوران قابض افواج کے اہلکاروں نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جس پرسیکڑوں کشمیری نوجوان سڑکوں پر نکل آئے۔ درندہ صفت فورسز نے طاقت کا بہیمانہ استعمال کرتے ہوئے نہتے مظاہرین پرفائرنگ کر دی جس سے 22 سالہ شاکر احمد، 20 سالہ ارشاد مجید اور 16 سالہ عندلیب شہید ہو گئے۔ دوسری جانب حریت رہنماؤں نے برہان وانی کی دوسری برسی پر احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے جس کو روکنے کیلئے بھارتی فورسز نے وادی بھر میں جگہ جگہ فوجی چوکیاں اور ناکے قائم کر دیئے ہیں اور شہید برہان وانی کے آْبائی گاؤں کو جانے والے راستے بھی سیل کردیے ہیں۔ بھارتی فورسز نے حریت رہنماؤں سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق کو نظربندجبکہ یاسین ملک کو گرفتار کر لیا ہے۔ برہان وانی کو 8 جولائی 2016 میں دو ساتھیوں سمیت شہید کیا گیا تھا جس کے بعد مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی ایک نئی لہرنے جنم لیا اور ہر گزرتے دن مضبوط ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔