Friday, April 26, 2024

بھارتی فوجی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات میں اضافہ ہوا،پاک فوج مادر ملت کے دفاع لیے ہر دم تیار ہے: آرمی چیف

بھارتی فوجی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات میں اضافہ ہوا،پاک فوج مادر ملت کے دفاع لیے ہر دم تیار ہے: آرمی چیف
November 21, 2018
راولپنڈی(92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا جہاں جنرل آفیسر کمانڈنگ نے انہیں لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کا کہنا ہے کہ ہم سخت جان اور پیشہ ورانہ فوج ہیں اور پاک فوج وطن عزیز کا دفاع کرنے کیلئے ہردم تیار ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو بھارتی فوج کی سیز فائر کی خلاف ورزیوں اور پاکستان کی جوابی کارروائیوں سے آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف نے فوجی جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے مورال کو بھی سراہا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارتی فورسز کی کارروائیوں سے متاثرہ کشمیریوں کے عزم کی بھی تعریف کی۔ اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ کچھ عرصے سے بھارت کی طرف سے سیز فائر کی خلاف ورزیاں بڑھی ہیں اور بھارتی فوجی قیادت کی طرف سے جارحانہ بیانات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سخت جان اور پیشہ ورانہ فوج ہیں اور پاک فوج وطن عزیز کا دفاع کرنے کیلئے ہردم تیار ہے۔