Monday, September 16, 2024

بھارتی فوجی افسروں کی کرپشن کے خلاف ایک اور اہلکار پھٹ پڑا

بھارتی فوجی افسروں کی کرپشن کے خلاف ایک اور اہلکار پھٹ پڑا
February 2, 2017

 نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت نے اپنے دفاعی بجٹ میں دس فیصد اضافہ تو کردیا مگر اپنے فوجی جوانوں کی شکایات کا ازالہ نہ کیا، بارڈر سیکورٹی فورس کاایک اور جوان اپنے افسران کی کرپشن کے خلاف بول پڑا۔ دوسری جانب تیج پال یادو کی بیوی نے انکشاف کیاہے کہ اس کے خاوند کی جان کو خطرہ ہے۔

بھارت کا دفاعی بجٹ دیکھو تو لگتا ہے مودی سرکار نے جنوبی ایشیا فتح کرنے کی ٹھان رکھی ہے لیکن بھارتی فوج کے جوانوں کی ویڈیوز دیکھو تو لگتا ہے کہ یہ کسی ایسے ملک کی فوج ہے جسے راشن بھی اقوام متحدہ امدادی پروگرام کے تحت ملتا ہے۔

نئی ویڈیو بی ایس ایف کے جوان نورتن چوہدری کی ہے جس نے اپنے افسران کی کرپشن اور تفتیش کرنے کا طریقہ بتایا ہے۔ نورتن چوہدری نے یہ انکشاف بھی کیا کہ اس کے افسران نے اسے خودکشی کرنے پر مجبور کردیا تھا۔ دل جلے بی ایس ایف کے جوان کو انگریزوں کا دور یاد آگیا اور کہا انگریزوں کی غلامی اچھی تھی۔

نورتن چوہدری نے اپنی شکایات کا ثبوت دیتے ہوئے ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں وردی پہنے جوان اپنے افسر کی گاڑی دھو رہاہے۔ دوسری جانب تیج بہادر جس کی ویڈیو نے پورے بھارت کو ہلا کر رکھ دیا تھا، اس کی بیوی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس کے خاوند کو مار دیا جائے گا۔ اسلحہ خریدنے کی بجائے اگر مودی سرکار اپنے فوجیوں کا پیٹ بھر دے تو شائد اس شرمندگی سے بچ جائے۔