Wednesday, April 24, 2024

بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کا جوان محمد شیراز شہید

بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کا جوان محمد شیراز شہید
August 16, 2019
 راولپنڈی (92 نیوز) بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کا ایک اور جوان محمد شیراز شہید ہو گیا۔ مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال سے توجہ ہٹانے کےلیے  بھارتی  فوج نے کنٹرول  لائن پر بلااشتعال فائرنگ کی جس سے ایک اور سپوت مادروطن پر قربان ہو گیا۔ دو روز میں پاک فوج کے چار جوان شہید ہو گئے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق سپاہی محمد شیراز نے لائن آف کنٹرول پر بٹل سیکٹر میں جام شہادت نوش کیا۔ شہید سپاہی  بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کا نشانہ بنے۔ گزشتہ روز بھی بھارتی  فوج نے لائن آف کنٹرول پر وقفے وقفے سے فائرنگ کی۔ نائیک تنویر، لانس نائیک تیمور اور سپاہی رمضان نے مادر وطن کی حفاظت کرتے ہوئے جان قربان کر دی۔ نائیک تنویر شہید کا خانیوال سے تعلق ہے، سوگواروں میں بیوہ، ایک بیٹا اور دو بیٹیاں چھوڑیں۔ لانس نائیک تیمور  لاہور کے رہائشی،ایک بیٹی کے والد ہیں، سپاہی رمضان کا تعلق خانیوال سے ہے ۔ بزدل دشمن کے چھپ کر وار کرنے پر  پاک فوج  کے جوانوں  نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور دشمن کے پانچ فوجی ہلاک اور کئی چوکیاں تباہ ہوگئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کو شرانگیزی پر ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ ادھر بھارتی فورسز کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔ ایل او سی پر مسلسل اشتعال انگیزیوں پر شدید احتجاج کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے بھارتی فائر بندی کی خلاف ورزیاں علاقائی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہیں ۔