Wednesday, April 24, 2024

بھارتی فوج کی ورکنگ باونڈری پر شیلنگ‘ 5 پاکستانی زخمی

بھارتی فوج کی ورکنگ باونڈری پر شیلنگ‘ 5 پاکستانی زخمی
October 27, 2016
سیالکوٹ (92 نیوز) بھارتی فوج کی ایک بار پھر سیز فائر کی خلاف ورزی‘ ورکنگ باونڈری کے ہرپال اور چپراڑ سیکٹر پر فائرنگ اور شیلنگ سے 5 پاکستانی زخمی ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اکیس اکتوبر سے اب تک ورکنگ باونڈری پر پانچ شہری شہید ہو چکے ہیں جبکہ بیس سے زائد زخمی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے ورکنگ باونڈری کے ہرپال اور چپراڑ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ اور شیلنگ کا سلسلہ رات بھر جاری رہا۔ بھارتی فورسز نے رہائشی آبادیوں پر مارٹر گولے برسائے جس سے 5 پاکستانی زخمی ہو گئے۔ بھارتی فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے 5 زخمی دیہاتیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ شدید گولہ باری اور فائرنگ کے باوجود بھی سرحدی دیہاتوں میں بسنے والوں کے حوصلے چٹان کی طرع مضبوط ہیں اور وہ پنجاب رینجرز اور پاک فوج کے شانہ بشانہ دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ پنجاب رینجرز نے بھارتی فورسز کی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا جس کے بعد دشمن کی گنیں خاموش ہو گئیں۔ پاکستان نے ورکنگ باونڈری پر بلااشتعال فائرنگ پر بھارت سے ایک بار پھر شدید احتجاج بھی کیا ہے۔ جنوبی ایشیا کیلئے دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا اور منگل اور بدھ کو ورکنگ باونڈری پر جنگ بندی معاہدے کی بلااشتعال خلاف ورزیوں پر سخت احتجاج کیا جن کے نتیجے میں دو شہری شہید اور نو زخمی ہوئے۔ دفتر خارجہ کے مطابق بھارت سے کہا ہے کہ اسے واقعے کی تحقیقات کرنی چاہئیے اور اسکے نتائج کے بارے میں پاکستان کو آگاہ کرنا چاہئیے۔ بھارت سے یہ بھی کہا گیا کہ وہ اپنے فوجیوں کو ہدایت کرے کہ جنگ بندی کا مکمل احترام کیا جائے ، دیہات کو نشانہ بنانے سے گریز کریں اور ورکنگ باونڈری اور کنٹرول لائن پر امن برقرار رکھیں۔