Wednesday, April 24, 2024

بھارتی فوج کی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی ، مزید دو کشمیریوں کو شہید کر دیا

بھارتی فوج کی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی ، مزید دو کشمیریوں کو شہید کر دیا
January 21, 2020
 سرینگر (92 نیوز) بھارتی فوج کی مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی دہشتگردی جاری ہے۔ آج مزید دو کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ دونوں کو ضلع پلوامہ میں گھر گھر تلاشی کے دوران شہید کیا گیا۔ مقبوضہ کشمیر کی جنت نظیر وادی میں ایک سو ستر روز کا کرفیو بھی کشمیریوں کا حوصلہ پست نہ کر سکا۔ بھارتی فورسز نے ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ کو نام نہاد آپریشن کیلئے محاصرے میں لے لیا جس میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہادتوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔ قابض فورسز کی سفاکیت یہیں تک محدود نہیں رہی۔ ضلع شوپیاں اور بانیہال میں گھر گھر تلاشی کے دوران دو نوجوانوں کو بھی حراست میں لیا جا چکا ہے۔ پانچ اگست سے جاری کرفیو اور شدید سرد موسم نے کشمیریوں کی مشکلات میں اضافہ کر رکھا ہے جنہیں نہ زندگی بچانے کی ادویات میسر ہیں اور نہ ہی دیگر اشیائے ضروریات میسر ہیں۔