Friday, April 19, 2024

بھارتی فوج کی مظفر آباد میں کیل سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ

بھارتی فوج کی مظفر آباد میں کیل سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ
November 20, 2016

مظفرآباد (92نیوز) بھارت امن کادشمن بن گیا۔ مظفرآباد میں کیل سیکٹر پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری جاری ہے۔ پاک فوج کی طرف سے بھرپور جوابی کارروائی کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بھارتی فوج نے کھوئی رٹہ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 4سالہ رائبہ‘ 3 بہن بھائی 7سالہ فائزہ‘ 8سالہ شازیہ اور 16سالہ شہزاد شہید ہو گئے جبکہ ان کا ایک اور بھائی 24سالہ محمود زخمی بھی ہوا۔

ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فوج کی کئی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔ اس سے پہلے بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کے سیکٹر وں چکوٹھی اوربھمبرمیں بلااشتعال فائرنگ کے ساتھ ساتھ مارٹر گولے برسا دیے۔ بھمبر سیکٹر کے علاقوں ٹانڈر اور بروہ میں دشمن کی فوج نے سویلین آبادی کو نشانہ بنایا۔ ترجمان آئی ایس پی آر کہتے ہیں پاک فوج بھرپور جوابی کارروائی کر رہی ہے۔

بھارتی چوکیوں پر حملے کئے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والی دو بچیوں کے ورثاءسے اظہار ہمدردی کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق معصوم بچیوں کی شہادت پر بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالا کو دفتر خارجہ طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ بھارتی ہائی کمشنر سے فائرنگ کے حالیہ واقعات پر شدید احتجاج کیا جائیگا۔