Saturday, May 18, 2024

بھارتی فوج کی عزت کیلئے ایک جنگ لڑنا ضروری ہے : بھارتی وزیر دفاع

بھارتی فوج کی عزت کیلئے ایک جنگ لڑنا ضروری ہے : بھارتی وزیر دفاع
June 15, 2015
لاہور (92نیوز) سلامتی کونسل کی رکنیت اور امریکہ کے ساتھ سول نیوکلیئر سٹرٹیجک معاہدے کے بعد ذمہ دار ایٹمی ملک ہونے کے دعویدار بھارت نے خطے میں جارحانہ اور توسیع پسندانہ عزائم کا کھلم کھلا اظہار شروع کر دیا۔ بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کہا ہے کہ فوج کی اہمیت برقرار رکھنے کےلئے بھارت کو ایک اور جنگ کرنا ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق سلامتی کونسل کی رکنیت کےلئے بھارت عرصہ سے لابنگ میں مصروف ہے۔ اقوام متحدہ میں اصلاحات کی آڑ میں کئی ملک دنیا پر اجارہ داری رکھنے والے کلب کی رکنیت چاہتے ہیں۔ پاکستان کا موقف ہے کہ اقوام متحدہ میں اجارہ داری کی کوششیں دنیا کے امن کیلئے خطرہ ہیں۔ پاکستان کے موقف کی توثیق بھارتی وزیر دفاع کے غیر ذمہ دارانہ بیان نے کر دی۔ منوہر پاریکر بھارتی فوج کی اپنے ملک میں گرتی ساکھ کو سہارا دینے کیلئے جنگ کی وکالت کرنے لگے۔ بھارتی وزیر دفاع کے بیان نے امن عالم کےلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ جے پور میں ایک سیمینار میں تقریر کرتے ہوئے بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کہا کہ چالیس پچاس سال سے کوئی جنگ نہ ہونے کی وجہ سے بھارتی فوج کی اہمیت میں کمی ہوئی ہے۔ منوہر پاریکر نے کہا کہ میں نے کئی ریاستوں کے وزراءاعلیٰ کو دفاعی امور کے حوالے سے خط لکھے کچھ نے ان پر عمل کیا کچھ نے اسے اہمیت نہیں دی، اس کی وجہ صرف یہی ہے کہ چالیس پچاس سال سے کوئی جنگ نہ ہونے کی وجہ سے فوج کی اہمیت کم ہو گئی ہے۔ فوجی افسروں کی دو نسلیں کوئی جنگ لڑے بغیر ریٹائرڈ ہو گئیں، فوج کی عزت بڑھانے کیلئے ایک اور جنگ ضروری ہو گئی ہے۔