Monday, May 6, 2024

بھارتی فوج کی ایل او سی شاہ کوٹ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ ، ایک خاتون شہید

بھارتی فوج کی ایل او سی شاہ کوٹ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ ، ایک خاتون شہید
January 9, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی شاہ کوٹ سیکٹر میں شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی جس سے ایک خاتون شہید، ایک زخمی ہو گئی۔ بھارت، دنیا کی آنکھوں میں دھول جھوکنے، مقبوضہ کشمیر میں جاری قتل عام چھپانے کیلئے مسلسل کنٹرول لائن پر اشتعال انگریزی کر رہا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی فورسز کے طرز عمل کو غیر پیشہ وارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی کارروائیاں، مقبوضہ کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی نہیں دبا سکتیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹویٹ بیان میں کہا ہے  کہ بھارتی فورسز مسلسل غیر پیشہ وارانہ طرز عمل اختیار کیے ہوئے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں قتل عام، کنٹرول لائن پر فائر بندی کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ قبل ازیں بھارتی فورسز نے باگسر سیکٹر میں نہتی شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والی بھارتی فوجی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فورسز کی دہشتگردی سے 26 سالہ عظیم شہید ،خاتون زخمی ہو گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سال 2018ء میں بھارتی فورسزکی فائر بندی کی 2600 خلاف ورزیاں میں 56 افراد شہید 311 زخمی ہوئے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے کہا کہ بھارتی فوج کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر شہری آبادی والے علاقوں کو بھاری ہتھیاروں سے مسلسل نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو جان بوجھ کر ہدف بنانا افسوسناک اور انسانی وقار اور بین الاقوامی انسانی حقوق اور قوانین کے منافی ہے۔ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں علاقائی امن وسلامتی کیلئے خطرہ ہیں اور اس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہو سکتی ہے۔