Friday, April 26, 2024

بھارتی فوج کی آزادکشمیر میں مسافربس پر فائرنگ‘ 10 مسافر شہید

بھارتی فوج کی آزادکشمیر میں مسافربس پر فائرنگ‘ 10 مسافر شہید
November 23, 2016

مظفرآباد (92نیوز)دشمن نے بزدلی کی ساری حدیں پار کر دیں۔ بھارتی فوج کی آزاد کشمیر میں بس پر فائرنگ سے 10 مسافر شہید‘ سات زخمی ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بس کو وادی نیلم لوات میں نشانہ بنایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارتی دہشت گردی کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا۔ لوات سے مظفرآباد آنیوالی مسافر کوچ پر بھارتی فوج کی گولہ باری سے 10 افراد شہید‘ سات زخمی ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی دیگر سویلین آبادیوں پر فائرنگ سے بھی کئی افراد زخمی ہوئے۔ پاک فوج کی جانب سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے۔ مظفرآباد میں صبح سے ہی بھارت کی جانب سے سیزفائر کی خلاف ورزی کی جا رہی تھی اور شہری آبادیوں پر فائرنگ اور گولہ باری ہو رہی تھی۔ اس دوران لوات سے مظفرآباد آنیوالی مسافر کوچ بھی بھارتی فوج کی گولہ باری کا نشانہ بن گئی۔

جورا، بٹل، کیریلہ، باغ تتہ پانی اور باگسر سیکٹرز میں بھارتی فوج نے شہری آبادی پر گولہ باری کرکے ایک بار پھر بدترین جارحیت کا ثبوت دیا۔ نکیال سیکٹر میں گولہ باری سے ایک نوجوان عدنان خالد ولد حاجی خالد شہید ہوگیا جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوئے۔

کوٹلی آزاد کشمیر کیریلہ سیکٹر میں شہری نیاز علی کے گھر کے صحن مین گولہ گرنے سے خاتون سمیت 2افراد زخمی ہو گئے۔ کوٹلی آزادکشمیر میں بھی شوکت نامی شہری اور ایک خاتون زخمی ہوئی جبکہ تتہ پانی سیکٹر میں بھارتی فائرنگ سے ایک فوجی جوان زخمی ہو گیا۔ پاک فوج بھارتی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے جوابی فائرنگ کرتے ہوئے بھارتی فوجی چوکیوں کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنایا۔