Sunday, September 8, 2024

بھارتی فنکاروں کو پاکستان میں زیادہ مواقع نہیں ملتے : رضا مراد کا شکوہ

بھارتی فنکاروں کو پاکستان میں زیادہ مواقع نہیں ملتے : رضا مراد کا شکوہ
March 16, 2016
لاہور (92نیوز) دورہ پاکستان پر آئے بالی وڈ اداکار رضا مراد پاکستانیوں کی میزبانی سے خوش لیکن ساتھ ہی نالاں بھی۔ ان کا کہنا ہے پاکستانی فنکاروں کو جتنے مواقع بھارت میں ملتے ہیں اتنے پاکستان میں بھارتیوں کو نہیں ملتے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی اداکار رضا مراد نے لاہور پریس کلب میں شیریں اور تلخ دونوں لہجوں میں خطاب کیا۔ لاہور پریس کلب میں برصغیر پاک و ہند کے تین لیجنڈ بغلگیر ہوئے۔ لاہور پریس کلب کی میزبانی میں بالی وڈ کے نامور اداکار رضا مراد کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی۔ لالی وڈ کے لیجنڈ اداکار مصطفیٰ قریشی اور غزل گائیک غلام علی بھی اس موقع پران کے ہمراہ تھے۔ رضا مراد نے باتیں شروع کیں تو پاکستان میں ملنے والی محبت بیان کرنے کیلئے ان کے الفاظ کم پڑ گئے۔ انہوں نے سہارا لیا شعروں کا۔ رضا مراد نے مصطفیٰ قریشی کی تعریف کی۔ نوری نت کے کردار کو یاد کیا۔ غلام علی کی آواز کے سحر کا ذکر چھیڑا اور پاکستان کے دونوں لیجنڈز کے دیدار کو عید سے تعبیر کیا۔ سوال جواب ہوئے تو محبت بھری شیریں باتیں تلخی میں بدل گئیں۔ مصطفیٰ قریشی نے جواب میں شعر و شاعری چھیڑی لیکن ساتھ ہی بھارت میں پاکستانی فلموں کی نمائش نہ ہونے کا گلہ کیا۔ غلام علی نے رضا مراد کی صاف گوئی کی تعریف کی اور ان کیلئے دو بول گنگنائے۔ رضا مراد دورہ مکمل کر کے جمعرات کو بھارت روانہ ہو جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس دفعہ بیٹی کی خواہش پر پاکستان آئے ہیں جو سرحد کے اس پار بیٹھ کر پاکستان کو حسرت بھری نگاہوں سے تکتی رہتی تھی۔