Friday, April 26, 2024

بھارتی فلم ڈائریکٹر و پروڈیوسر کبیر خان کا پاکستان میں فلم بنانے کی خواہش کا اظہار

بھارتی فلم ڈائریکٹر و پروڈیوسر کبیر خان کا پاکستان میں فلم بنانے کی خواہش کا اظہار
April 26, 2016
لاہور (92نیوز) بھارتی فلم ڈائریکٹر کبیر خان کا کہنا ہے کہ نفرت انگیز فلموں کے بجائے اچھی فلموں سے پاک بھارت تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ پاکستان میں فلم بنانا چاہتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مخالف فلمیں بنانے میں مشہور بھارتی فلم ڈائریکٹر اور پروڈیوسر کبیر خان پاکستان آئے تو بڑے دل والی قوم نے ان کو خاموشی سے سنا۔ جی ہاں یہ بھارت نہیں پاکستان ہے جہاں پاکستان دشمن بھارتی پروڈیوسر کبیر خان کو نہ انڈے مارے گئے نہ ہی منہ پر کالک ملی گئی۔ نہ ایئرپورٹ پر روکا گیا نہ ہی گالیاں دی گئیں ۔ یہ وہی ڈائریکٹر ہے جس نے کبھی پاکستان کی فوج کبھی اس کی قابل فخر انٹیلی جنس ایجنسیوں کو بدنام کرنے کی کوششیں کیں لیکن پاکستانی قوم نے بڑے تحمل کا مظاہرہ کیا۔ جب بار بار صحافیوں نے ان کی پاکستان مخالف فلموں کا ذکر کیا تو کبیر خان سیخ پا اور بوکھلائے ہوئے نظر آئے۔ انہوں نے کہا دونوں ممالک میں منفی سوچ کے لوگ پائے جاتے ہیں۔ کسی ایک طبقے کیخلاف بات کرنا کسی ملک کیخلاف بات کرنا نہیں ہوتا۔ خیال رہے کہ ڈائریکٹر اور پروڈیوسر کبیر خان اپنی فلموں ”فینٹم‘ ایک تھا ٹائیگر اور بجرنگی بھائی جان“ میں پاکستان کیخلاف زہر اگل چکے ہیں۔