Thursday, April 18, 2024

بھارتی فضائیہ کا ہیلی کاپٹر انڈین میزائل سے ہی تباہ ہوا ، انڈین میڈیا کا دعویٰ

بھارتی فضائیہ کا ہیلی کاپٹر انڈین میزائل سے ہی تباہ ہوا ، انڈین میڈیا کا دعویٰ
March 29, 2019

 نیو دہلی (92 نیوز) انڈین میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی فضائیہ کا ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی سے نہیں بلکہ انڈین میزائل سے ہی تباہ ہوا۔

 پلوامہ ڈرامہ کے بعد جھوٹ پر جھوٹ بولنے والے بھارت کا ایک اور جھوٹ پکڑا گیا۔ بھارتی میڈیا نے اپنی ہی فضائیہ کے جھوٹ سے پردہ اٹھا دیا اور کہا مقبوضہ کشمیر کے ضلع بڈگام میں تباہ ہونے والا انڈین ایئرفورس کا ہیلی کاپٹر اپنی ہی فوج نے گرایا۔ بھارتی اخبار دی اکنامک ٹائمز نے تحقیقاتی رپورٹ جاری کرکے سب کچا چٹھا کھول دیا۔

 اکنامک ٹائمز کے مطابق ستائیس فروری کو لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب پاک فضائیہ کے پچیس طیاروں کی موجودگی پر انڈین ایئر ڈیفنس سسٹم نے الرٹ جاری کیا جس کے بعد اسرائیلی ساختہ میزائل فائر کیا گیا مگر اس نے ضلع بڈگام میں دس منٹ قبل ہی اڑان بھرنے والے اپنے ہی ایم آئی 17 وی 5 کو نشانہ بنا ڈالا۔

 ایم آئی 17 وی 5 کو پوری دنیا میں مضبوط ہیلی کاپٹر کے طور پر جانا جاتا ہے جس میں عموماً کوئی تکنیکی خرابی پیش نہیں آتی۔ عینی شاہدین نے بھی ہیلی کاپٹر کے تباہ ہونے سے قبل زور دار دھماکا سننے کا دعویٰ کیا تھا۔

 ستائیس فروری کو بھارتی فضائیہ کا ہیلی کاپٹر ضلع بڈگام میں گرکر تباہ ہوگیا تھا جس میں بھارتی فوج کے چھ اہلکار لقمہ اجل بنے تھے۔