Tuesday, May 14, 2024

بھارتی غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں قابض فورسز کی ریاستی دہشت گردی ، چار کشمیریوں کو شہید کردیا

بھارتی غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں قابض فورسز کی ریاستی دہشت گردی ، چار کشمیریوں کو شہید کردیا
March 22, 2021

سرینگر (92 نیوز) بھارتی غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں قابض فورسز کی بدترین ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔ چار کشمیریوں کو شہید کر دیا۔

بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مودی حکومت کی قابض بھارتی فوج کی جانب سے بربریت کا سلسلہ نہ تھم سکا۔ مسلمانوں کی نسل کشی جاری ہے۔ ضلع شوپیاں کے علاقے مانیہال میں جعلی مقابلے میں مزید 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے چاروں کشمیری نوجوانوں کو نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں گولیوں کا نشانہ بنایا۔ شہید کشمیری نوجوانوں کی شناخت بھی ابھی تک ظاہر نہیں کی گئی۔

ادھر مقبوضہ وادی کی سابق کٹھ پتلی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی بھی مودی حکومت کے ظلم کے خلاف پھٹ پڑیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن میں حصہ لینا ان کی ترجیحات میں شامل نہیں کیونکہ الیکشن اس مسئلے کا حل نہیں ہے۔

محبوبہ مفتی کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ وہ مقبوضہ وادی میں ہونے والے انتخابات میں اس وقت تک حصہ نہیں لیں گی جب تک بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال نہیں کر دی جاتی۔