Friday, April 19, 2024

بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ظلم کا بازار گرم لیکن کشمیریوں کے حوصلے آج بھی بلند

بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ظلم کا بازار گرم لیکن کشمیریوں کے حوصلے آج بھی بلند
August 5, 2021 ویب ڈیسک

سرینگر (92 نیوز) بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں کشمیری ظلم و بریت اور قیدوبند کی تکالیف برداشت کر رہے ہیں لیکن ان کے حوصلے بلند اور جذبے آزاد ہیں۔

حریت رہنما سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، شبیر شاہ، یاسین ملک اور دختر کشمیر آسیہ اندرابی بھارتی جبر کےآگے جھکے ہیں نہ جھکیں گے ۔

سید علی گیلانی نے ہر فورم پر کشمیر کے پاکستان سے رشتہ کا حوالہ دیا۔ یہ سید علی گیلانی ہی ہیں جن سے مودی حکومت اتنی خائف ہے کہ نظر بندی میں بھی ان کا سامنا کرنے سے خوف کھاتی رہی ہے۔

شبیر شاہ جن کی ہر ریلی اور مظاہرے میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار رہتی ہے وہ پاکستان کا جھنڈا کشمیر میں لہرانے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔

حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق پاکستان سے محبت اور آزادی کی تڑپ لئے ہر میدان میں فرنٹ لائن پر نظر آئے۔

غیرقانونی حراست میں بدترین تشدد کا شکار یاسین ملک جنہوں نے بھارتی چینل پر بیٹھ کر آزادی کا نعرہ بلند کیا۔ جس دھرتی پر آسیہ انداربی جیسی بیٹی ہو وہاں آزادی کا سورج طلوع ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

کشمیری رہنماؤں اور کشمیری نوجوانوں کا جذبہ آزادی پر گزرتے دن کے ساتھ ماند نہیں پڑ رہا بلکہ نئی صبح کے ساتھ مزید بڑھ رہا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب پاکستان سے رشتہ کیا جیسے نعرے کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔