Thursday, April 25, 2024

بھارتی طیارے رات 2:55پرداخل اور 2:58پر فرار ہوئے ، وزیر خارجہ

بھارتی طیارے رات 2:55پرداخل اور 2:58پر فرار ہوئے ، وزیر خارجہ
March 2, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے  بتایا کہ بھارتی طیارے رات 2:55پرداخل اور 2:58پر فرار ہوئے ۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے  شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی اقدام کے خلاف بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہ شریک ہوئے،سب کی متفقہ رائے ہے یہ پاکستان کیخلاف جارحیت ہے،پاکستان جوابی کارروائی کرے گا۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی طیارے گزشتہ رات دو بجکر 55 منٹ میں ارض پاک کی فضائی حدود میں داخل ہوئے اور چار پانچ کلو میٹر اندر آئے ، دوبجکر 58 منٹ پر انہیں واپس بھگا دیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سرحدوں کے دفاع کی اہمیت سمجھتے ہیں ، ہم بالکل چاق و چوبند اور تیار ہیں ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ گزشتہ چند روز میں مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے روابط کر کے انہیں بھارتی عزائم سے آگاہ  کیا گیا۔ روس ،جرمن ،چین  اور سعودی وزرائے خارجہ کو خدشات سے آگاہ کیا ۔ او آئی سی اجلاس میں سشما سوراج کو مدعو کرنے سے متعلق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نےمیرے ساتھ گفتگو میں  ایسا کوئی ذکر نہیں کیا تھا،بلا مشاورت ایک غیر او آئی سی ممبر کو دعوت دی گئی ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج ترکی کے وزیر خارجہ سے تفصیلی گفتگو ہوئی ، انہیں بھی  معاملے پر آگاہ کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ معاملے پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا، تین رکنی کمیٹی پارلیمانی لیڈر شپ سے رابطہ کر کے اعتماد میں لے گی ۔ کمیٹی میں وزیر دفاع پرویز خٹک ، وزیر خزانہ اسد عمر اور  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی شامل ہوں گے ۔