Friday, May 17, 2024

بھارتی طیارے جے ایف تھنڈر سے گرائے ، ڈی جی آئی ایس پی آر

بھارتی طیارے جے ایف تھنڈر سے گرائے ، ڈی جی آئی ایس پی آر
March 25, 2019

راولپنڈی (92 نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصٖف غفور نے کہا کہ بھارت کے طیارے جے ایف تھنڈر سے گرائے ، ایف 16 سے نہیں ۔

روس کے میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ  پاکستان کے ہاتھ باندھ کر بھارت کو کھلا نہیں چھوڑا جا سکتا ، ، خطے میں امن کیلئے روس سمیت کسی بھی تیسرے فریق کی ثالثی کا خیرمقدم کرینگے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اپنے انٹرویو میں میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ بھارتی طیاروں نے 26 فروری کو بھارت کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پے لوڈ گرایا گیا ، اگلے روز پاک فضائیہ نے اپنی حدود میں رہتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں چار ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا پاکستان نے عام آبادی کو نشانہ بنائے بغیر جوابی کارروائی کی، بتانا چاہتے تھے بھارتی اہداف نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ایسی جگہ کا انتخاب کیا جہاں انفرا اسٹرکچر اور آبادی نہیں تھی۔

ترجمان پاک فوج نے ایف 16 کے ذریعے بھارتی طیارہ گرانے کی تردید کی ، ان کا کہنا تھا کہ انڈین جیٹ کو پاکستان میں تیارکردہ جے ایف 17 تھنڈر نے نشانہ بنایا، اس وقت ہماری پوری ایئرفورس فضا میں تھی، کارروائی کی وڈیو بھی موجود ہے۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کیلئے اقدامات کریں گے، یہ نہیں ہوسکتا کہ پاکستان کے ہاتھ باندھ دیں اور بھارت کو کھلا چھوڑدیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جوہری صلاحیت رکھنے والا کوئی عقل مند ملک اسے استعمال کرنے کی بات نہیں کرسکتا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے روس کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے کہا کہ پاکستان خطے میں روس کی اہمیت کو خاص نظر سے دیکھتا ہے ، افغان مفاہمتی عمل میں ماسکو کے کردار کو سراہتے ہیں، ہمیں خوشی ہوگی اگر روس بطور طاقتور ملک خطے میں قیام امن یقینی بنانے کیلئے اہم کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی میں تیسرے فریق کی ثالثی کا خیر مقدم کریں گے، روس کیساتھ ایوی ایشن، فضائی دفاعی نظام اور ٹینک شکن نظام پر مذاکرات جاری ہیں ، پاکستان کیلئے جو بھی ممکن ہوسکا خریدیں گے۔