Friday, April 26, 2024

بھارتی سپریم کورٹ کا مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی نظام فوری طور پر بحال کرنے کا حکم

بھارتی سپریم کورٹ کا مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی نظام فوری طور پر بحال کرنے کا حکم
January 10, 2020
 نئی دہلی (92 نیوز) بھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ اور مواصلاتی نظام فوری طور پر بحال کرنے کا حکم دے دیا۔ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کو ایک سو اٹھاون روز ہو گئے۔ بھارتی سپریم کورٹ میں وادی پر عائد پابندیوں کے خلاف دائر دو درخواستوں کا فیصلہ سنا دیا گیا۔ بھارتی سپریم کورٹ نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی آزادی سب سے اہم ہے۔ اظہار رائے کیلئے انٹرنیٹ کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ اسے غیر معینہ مدت کیلئے بند نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ اور مواصلاتی نظام فوری بحال کرنے کا حکم دیا۔ فیصلے میں ای بینکنگ کی سہولت بھی مہیا کرنے کا کہا گیا ہے جبکہ تمام پابندیوں کی عدالتی جانچ کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ بھارت کی اعلیٰ عدلیہ کا کہنا تھا کہ دفعہ ایک سو چوالیس کے ذریعے عوام کی آزادی سلب نہیں کی جاسکتی۔ انسانی حقوق اور سیکورٹی کو متوازن رکھنا ہو گا۔ عدالت نے جمہوری نظام میں میڈیا کی آزادی کو بھی اہم قرار دیا۔ بھارتی سپریم کورٹ کے جسٹس این وی رمنا، آر سبھاش ریڈی اور بی آر گاوائی پر مشتمل بنچ نے ستائیس نومبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔