Thursday, April 25, 2024

بھارتی سپریم کورٹ میں بھی پاکستانی ایف 16 طیاروں کی گونج سنائی دیتی رہی

بھارتی سپریم کورٹ میں بھی پاکستانی ایف 16 طیاروں کی گونج سنائی دیتی رہی
March 6, 2019
 نیو دہلی (92 نیوز) بھارتی سپریم کورٹ میں بھی پاکستانی شاہینوں کا خوف مودی سرکار کو ستانے لگا۔ رافیل ڈیل کیس کی سماعت کے دوران پاکستانی ایف سولہ کی آواز گونجتی رہی۔ مودی سرکار نے بھارت کی اعلیٰ عدالت میں بھی پاکستانی  شاہینوں کے ہاتھوں اپنی دھلائی کا ملبہ رافیل طیاروں پر ڈال دیا۔ مودی نے اپنی شکست کا اعتراف عوامی سطح پر کیا تھا کہ رافیل طیارے ہوتے تو نتیجہ مختلف ہوتا۔ بھارتی سپریم کورٹ میں رافیل ڈیل میں مبینہ کرپشن کا کیس چل رہا تھا کہ بھارتی اٹارنی جنرل وینو گوپال نے بھی پاکستان کے ہاتھوں تذلیل کی وجہ رافیل طیاروں کا بھارتی فضائیہ میں شامل نہ ہونا قرار دے دیا۔ بھارتی اٹارنی جنرل  نے بھارتی سپریم کورٹ میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کو پاکستانی ایف سولہ طیاروں کا مقابلہ کرنے کے لئے رافیل طیاروں کی اشد ضرورت ہے۔ اگر ایف سولہ طیاروں سے بھارت کو بچانا ہے تو رافیل طیارے خریدنے ہونگے۔ وینو گوپال کا مزید کہنا تھا کہ اگر رافیل طیارے نہیں ہونگے تو بھارتی فضائیہ پاکستانی طیاروں کے سامنے مزاحمت کیسے کرے گی۔ لہذا بھارتی سپریم کورٹ مودی حکومت کو رافیل طیارے خریدنے کی اجازت دے۔ اٹارنی جنرل سے استفسار کرتے ہوئے بھارتی سپریم کورٹ کے جج  کے ایم جوزف کا کہنا تھا کہ فرض کریں کہ بہت بڑا جرم سرزد ہوا ہے اور آپ نیشنل سیکورٹی  کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔ عدالت نے سماعت 14 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے رافیل ڈیل کی دستاویزات چوری کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔