Thursday, April 25, 2024

بھارتی سپریم کورٹ میں بابری مسجد کیس کی سماعت پر فیصلہ محفوظ

بھارتی سپریم کورٹ میں بابری مسجد کیس کی سماعت پر فیصلہ محفوظ
October 16, 2019
 نیو دہلی (92 نیوز) بھارتی سپریم کورٹ میں بابری مسجد کیس کی سماعت پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔ اضافی نکات جمع کرانے کیلئے فریقین کو 3 روز کا وقت دے دیا گیا۔ بھارتی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس رنگن گگوئی کی سربراہی میں قائم 5 رکنی بینچ نے دلائل کو نمٹاتے ہوئے فریقین کو 3دن کے اندر اپنا تحریری بیان دینے اور تحفظات سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ کیس بھارت کی تاریخ کا دوسرا طویل ترین کیس ہے جس کی 40 سماعتیں روزانہ کی بنیاد پر ہوئی۔ بابری مسجد سے متعلق کیس کی سماعت پر چیف جسٹس نے بھارتی سپریم کورٹ میں ہندو مہاسبھا پارٹی کی جانب سے دلائل کے لیے مزید مہلت سے متعلق دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بس بہت ہو گیا۔ بھارتی چیف جسٹس دہائیوں سے زیرِ سماعت اس کیس کے 5 رکنی بینچ کے سربراہ تھے جس میں اس بات کا فیصلہ ہونا ہے کہ بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر ہونی چاہیے یا نہیں۔ آج ہونے والی یہ سماعت بھارت میں بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر سے متعلق کیس کی 40 ویں سماعت تھی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی سپریم کورٹ کی جانب سے 17 نومبر کو چیف جسٹس راجن گوگوئی کی مدت ملازمت مکمل ہونے سے قبل فیصلہ سنائے جانے کا امکان ہے۔ 2 روز قبل بھارتی حکام نے سپریم کورٹ میں حتمی دلائل کے آغاز پر عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کر دی تھی۔