Friday, April 19, 2024

بھارتی دراندازی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں متفقہ قرارداد منظور

بھارتی دراندازی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں متفقہ قرارداد منظور
February 26, 2019
 لاہور (92 نیوز) بھارتی دراندازی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں متفقہ قرارداد منظور ہو گئی۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو پی ٹی آئی کے رکن عبدالعلیم خان نے بھارتی جارحیت کیخلاف قرارداد پیش کرتے ہوئے ایوان میں رولز معطلی کی تحریک پیش کی جس پر اسپیکر نے وقفہ سوالات مختصر کرتے ہوئے بھارتی ناکام حملے پر بحث کا آغاز کروایا۔ اپوزیشن ارکان نے بھی مودی سرکار کے جنگی جنون پر بھارت کو خبردار کیا۔ پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی بولے کہ ہم پاکستانی فوج اور شہریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ لیگی ارکان اسمبلی بھی حکومت کیساتھ یکجہتی کرتے نظر آئے اور بولے کہ اس نازک موقع پر ہمیں آپسی میں متحد ہونا پڑے گا۔ اجلاس میں لیگی رکن حنا پرویز بٹ کی سرکاری تعلیمی اداروں میں منشیات کی فروخت کیخلاف قرارداد بھی منظورکرلی گئی۔ کارروائی مکمل ہونے پر ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے اجلاس ملتوی کر دیا۔ دوسری طرف کراچی میں بھی مکار دشمن بھارت کی جارحیت نے سندھ اسمبلی میں سب کو ایک کردیا۔ ایک قوم، ایک جان کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ مودی سرکار پر شدید غصہ، پی پی کی سعدیہ جاوید اور ایم کیو ایم کے منگلا شرما نے بھارتی جارحیت کے خلاف مشترکہ قرارداد پیش کردی۔ اراکین نے واضح کیا کہ قوم افواج کے ساتھ ہے، پاک فضائیہ نے سبق سکھا دیا، مزید غلطی کی گنجائش نہیں۔ اقلیتی اراکین بھارت پر سیخ پاء ہوئے اور وطن عزیز کے دفاع کو تیار ہو گئے۔ ایم کیو ایم کے منگلا شرما اور نند کمار کہتے ہیں پاکستانی قوم اور مسلح افواج بھارت کو دن میں تارے دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ قرارداد پاکستان منظور کرنے والی سندھ اسمبلی نے بزدل اور مکار دشمن بھارت کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ اراکین نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا کر لہو گرما دیا۔